پنجاب : رمضان میں 24 گھنٹے کاروبار، مستحقین کی ڈبل امداد
دکانیں رات 10 بجے بند کرنے کی پابندی رمضان کے دوران ختم کرنیکا فیصلہ مستحقین کیلئے وزیراعظم کے اعلان کردہ 13ہزار، صوبائی حکومت کے 10ہزار
لاہور (عمران اکبر )وزیراعلیٰ پنجاب نے رمضان میں رات 10بجے دکانیں بند کروانے کے احکامات پر عملدرآمد روکتے ہوئے 24 گھنٹے کاروبار کی اجازت دیدی جبکہ مستحقین کو وفاق اور صوبائی حکومت سے 23ہزار روپے تک ڈبل امداد ملے گی۔بتایاگیا کہ رمضان المبارک میں بازار، کمرشل سٹورز ،بیکریز ، ہوٹلز اور دکانوں کے اوقات کار کا فیصلہ کر دیا گیا۔وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرزاور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ دکانیں رات 10بجے بند کرنے کی پابندی رمضان میں ختم کردی جائے۔
دوسری جانب وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے رمضان پیکیج کے الگ الگ اعلانات کے تحت لاکھوں مستحقین کو رمضان میں 23ہزار روپے امداد ملے گی، وزیر اعظم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 1کروڑ 21لاکھ افراد کو 13ہزار روپے فی کس امداد دینے کااعلان کیا ہے جس میں چاروں صوبوں کے مستحقین شامل ہیں جبکہ پنجاب حکومت کے اعلان کے تحت لاہور سمیت صوبہ بھر میں سوشیو اکنامک سروے کے مطابق 40لاکھ مستحقین کو 10ہزار روپے فی کس فراہم کئے جائیں گے۔
یوں لاہور میں جہاں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے دو لاکھ مستحقین کو 13ہزار ملیں گے وہیں سوشیو اکنامک سروے کے مطابق 60ہزار سے زائد مستحقین کو 10ہزار روپے بھی دئیے جائیں گے ،سوشیواکنامک سروے کے تحت لاہور میں 20ہزار اے ٹی ایم کارڈ زکی تقسیم جاری ہے ،دوسرے مرحلے میں 25ہزار اے ٹی ایم کارڈز تقسیم کئے جائیں گے ۔ تیسرے مرحلے میں 10ہزار اے ٹی ایم کارڈز دئیے جائیں گے ۔