ایران پر حملہ امریکا واسرائیل کی بلااشتعال کارروائی : پی ٹی آئی
جوابی کارروائیوں کا بڑھتا سلسلہ خطے کو تباہ کن تنازعے کی طرف دھکیل سکتا ہے حکومتِ پاکستان عالمی قانون کی پاسداری پر مبنی خارجہ پالیسی اختیار کرے :بیان
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف نے ایران کیخلاف اسرائیل اور امریکا کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی اور بلااشتعال کارروائی قرار دیدیا اور حکومتِ پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ امن، علاقائی استحکام اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر مبنی اصولی اور متوازن خارجہ پالیسی اختیار کرے ۔سینٹرل میڈیا ڈیپارٹمنٹ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف کارروائیاں بین الاقوامی قانون اور علاقائی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہیں ،امریکہ کی اسرائیل کو فراہم غیر مشروط حمایت پر گہری تشویش ہے ۔پی ٹی آئی نے خبردار کیا کہ جوابی کارروائیوں کا بڑھتا سلسلہ پورے خطے کو وسیع اور تباہ کن تنازعے کی طرف دھکیل سکتا ہے ،پی ٹی آئی نے اپنے قائد عمران خان کے ویژن اور سابقہ پالیسی مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں کمی کے لیے فوری سفارتی روابط کو فروغ دیں ،مشرقِ وسطیٰ کے عوام پہلے ہی بھاری خمیازہ بھگت چکے لہٰذا مزید تصادم خطے کے امن کیلئے نقصان دہ ثابت ہوگا۔