پاکستان اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے پْرعزم ،اسحاق ڈار
اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان نے اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسلام کے خلاف تعصب، امتیاز، نفرت اور تشدد کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی سطح پر کوششوں کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے ، پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 15 مارچ کو ‘‘اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن’’ قرار دلوانے میں اہم کردار ادا کیا ، اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں اسلاموفوبیا میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ان کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا موجودہ کشیدگی اور تنازعات کو مزید بڑھا دیتا ہے اور اس طرح ایک ایسا منفی چکر پیدا ہوتا ہے جو عالمی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے ۔سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے عالمی سطح پر جاری کوششوں کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے ،پاکستان او آئی سی کے رکن ممالک اور اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے ایک جامع لائحہ عمل (ایکشن پلان) کی تیاری پر کام کر رہا ہے ، جس کے ذریعے اسلاموفوبیا کو بہتر انداز میں سمجھنے ، اس کی روک تھام کرنے اور اسے ختم کرنے کے لیے ایک منظم فریم ورک فراہم کیا جائے گا ۔