ایرانی صدر کی فیلڈ مارشل سے تہران میں ملاقات، پاکستان کے مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار پر خراج تحسین پیش کیا
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان ایران کے دارالخلافہ تہران میں اہم ملاقات ہوئی ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی موجود تھے، دورانِ گفتگو ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ جنگ روکنے میں پاکستان کا مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار قابل تحسین ہے، جنگ بندی میں سہولت کاری پر ریاست پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اسلام آباد مذاکرات کے دوران ایرانی وفد کی میزبانی پر بھی پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران خطے میں امن، استحکام اور برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے، امت اسلامیہ کا اتحاد صیہونی حکومت کے اہداف کے حصول کو روک دے گا۔
ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کو علاقائی سلامتی کو یقینی بنانا ہوگا، ہم عالمی قانون کے دائرے میں ایرانی عوام کے حقوق کے حصول پر زور دیتے ہیں۔