وزیراعظم شہباز شریف کا لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم
انطالیہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ لبنان میں جنگ بندی صدر ٹرمپ کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر لکھا ہے کہ امید ہے لبنان میں جنگ بندی پائیدار امن کی راہ ہموار کرے گی، پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کیلئے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب اور قطر کے بعد ترکیہ پہنچ چکے ہیں، وہ ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کیلئے ترکیہ میں موجود ہیں۔
وزیرِ اعظم آج انطالیہ میں منعقدہ پانچویں ڈپلومیسی فورم میں ’’آئندہ کل کے لائحہ عمل و غیر یقینی صورتحال کے انتظام‘‘ کے موضوع پر منعقدہ لیڈرز پینل میں شرکت کریں گے اور پینل گفتگو میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
وزیرِاعظم فورم کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، اس موقع پر وزیرِ اعظم ترک صدر رجب طیب ایردوان کے ساتھ ساتھ فورم میں شریک دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں بھی بھی ہوں گی۔