ٹرمپ کے سعودی ولی عہد بارے الفاظ افسوسناک :طاہر اشرفی

ٹرمپ کے سعودی ولی عہد بارے الفاظ افسوسناک :طاہر اشرفی

دشمن گریٹر اسرائیل کا خواب پورا کرنے کیلئے جنگ کو مسلمانوں کی لڑائی بنانا چاہتا ہے دعا ہے پاکستان کا امن مشن کامیاب ہو جائے ،سعودیہ نے حج کے بہترین انتظامات کئے

 لاہور(سیاسی نمائندہ، این این آئی،آئی این پی )چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے سعودی ولی عہد سے متعلق نازیبا الفاظ افسوسناک ہیں،امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد پورا عالم اسلام غم کی کیفیت میں ہے ، سعودی عرب، پاکستان اور تر کیہ خطے میں امن کے لیے کوشاں ہیں، دعا کرتے ہیں پاکستان اس وقت جو امن کا مشن لے کر چل رہا ہے یہ کامیاب ہوجائے ۔اپنے ایک بیان اور مقامی ہوٹل میں حج تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ امریکا اور صہیونی لابی اس لیے پروپیگنڈا کررہی ہے کہ سعودی ولی عہد ان کے ہاتھوں استعمال نہیں ہورہے ، سعودی ولی عہد ایران پر حملہ کرنے کے حامی نہیں اور امن کے لیے کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ اللہ نے قرآن میں فرمایا میرے گھر آنے کی طاقت رکھنے والوں کو آنا چاہیے ، جو لوگ حج پر جا رہے ہیں وہ خوش نصیب ہیں جب  لبیک کہہ کر احرام باندھ لیا تو اللہ خوش ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موبائل فون ناگزیر چیز نہیں ہے جس کیلئے حج ضائع کردیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پر حملے ہو رہے ہیں لیکن کسی حاجی کو سہولیات کی کوئی کمی نہیں آئی، سعودی حکومت نے حج کے بہترین اقدامات کئے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں