شوہر نکاح میں درج رقم طلاق کے بعد بھی دیگا:ہائیکورٹ

شوہر نکاح میں درج رقم طلاق کے بعد بھی دیگا:ہائیکورٹ

نکاح نامے میں درج تمام چیزیں مل کر مہر بنتا ہے :جسٹس ساجد محمود سیٹھی فیملی کورٹ کا فیصلہ برقرار،درخواستگزار کو مطلقہ کوحق مہر کی مکمل ادائیگی کا حکم

لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیاہے کہ نکاح نامہ کے کالم میں درج رقم یا زیورات شوہر طلاق کے بعد بھی ادا کرنے کا پابند ہوگا،اگر شوہر نکاح نامہ میں درج زیورات نہ دے تو بیوی مارکیٹ ویلیو کے تحت رقم کی حق دار ہے ۔لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے عامر علی کی درخواست پر فیصلہ جاری کر تے ہوئے فیصلہ میں لکھا ہے کہ نکاح نامہ میں پیسے ،زیورات درج ہوں تو ہر چیز الگ ادا کرنا ہوتی ہے ، نکاح نامے میں درج تمام چیزیں مل کر مہر بنتا ہے ،ٹرائل کورٹ کا شوہر کو سابقہ بیوی کو نکاح نامے میں درج زیورات ادا کرنے کا فیصلہ درست ہے ۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کی شادی2011 میں ہوئی،حقائق کے مطابق درخواست گزار نے حق مہر میں پانچ ہزار روپے ،5 تولہ چاندی اور 10 تولہ سونا نکاح نامے میں لکھوایا,خاتون کے مطابق سابق شوہر نے طلاق کے بعد زیورات بطور حق مہر نہیں دئیے ۔ درخواست گزار کے مطابق پانچ تولہ چاندی اور دس تولہ سونا جعل سازی سے نکاح نامے میں لکھوایا گیا ۔ عدالت نے لکھا کہ سابقہ بیوی نے ٹرائل کورٹ میں نکاح نامے کی مصدقہ کاپی پیش کی اوردرخواست گزار نکاح نامے میں جعلی اندراج ثابت نہیں کرسکا۔ عدالت نے فیملی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے حق مہر کی مکمل ادائیگی کا حکم دے دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں