کراچی سے پہلی حج پرواز 160 عازمین کے ساتھ حجازِ مقدس روانہ

کراچی: (دنیا نیوز) ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے حج پروازوں کا آج سے باقاعدہ آغاز ہوگیا، کراچی سے نجی ایئر لائن کے ذریعے پہلی حج پرواز 160 عازمین کے ساتھ روانہ ہو گئی۔

عازمین حج کو گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام نے رخصت کیا اور مبارک باد دی، اس سال کراچی ایئرپورٹ سے 31 ہزار سے زائد عازمین حج حجاز مقدس روانہ ہوں گے، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت سعودی حکام عازمین حج کی ون ٹائم امیگریشن کراچی ایئرپورٹ پر ہی کرے گی۔

قبل ازیں گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کراچی ایئرپورٹ پر پہلی حج پرواز کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بڑے خوش نصیب لوگ ہیں جو حج پر جا رہے ہیں، اللہ پاک سے آپ سب عازمین دعا کریں کہ ملک ترقی کرے، پاکستان میں بسنے والوں کیلئے دعا کریں، رزق حلال کمانے کی کوشش کیلئے دعا کریں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان حج کرنے والوں میں دوسرا بڑا ملک ہے اور پاکستانی عمرہ کرنے والی نمبر ون قوم ہے لیکن پاکستانی دو نمبری کرنے میں دوسرے نمبر پر ہیں، لوگ موبائل فونز سے انتظامات خراب ہونے کا سوشل میڈیا پر ڈالتے ہیں لیکن حج تو مشکلات کو برداشت کرنے اور صبر کا نام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں عازمین حج پیدل، پھر بحری جہازوں اور اب ہوائی جہازوں کی سہولت سے حج پر جاتے ہیں، جہازوں کے ذریعے چند گھنٹوں میں اب آپ پہنچ سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں