پہلگام واقعہ پر شہباز شریف نے بھارت کو بے نقاب کیا:عطا تارڑ

 پہلگام واقعہ پر شہباز شریف نے  بھارت کو بے نقاب کیا:عطا تارڑ

اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں بڑا فرق یہ ہے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دیں جبکہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے۔

 پہلگام واقعہ پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا، پاکستان نے بھارتی بلیم گیم کا بھرپور اور موثر جواب دیا، وزیراعظم کا پی ایم اے کاکول میں تاریخی خطاب اس سلسلے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا، عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو بھرپور پذیرائی ملی اور بھارت کو سفارتی، عسکری و بیانیہ محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، واضح کر دیا گیا کہ قومی خودمختاری اور پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان ہر جارحیت کا موثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔یہاں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سال قبل26 اپریل 2025 کو کاکول میں پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کے حوالے سے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے پاکستان کا موقف واضح کیا تھا اور کہا کہ پہلگام جیسے واقعات کی آڑ میں بلیم گیم اور بے بنیاد الزامات کے سلسلے کو روکنا ہوگا، شہباز شریف کا خطاب سفارتی محاذ پر ایک ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔

24 اپریل 2025 کو نیشنل سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ میں پاکستان نے بھارتی الزامات کا بھرپور جواب دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ فتنہ الہندوستان، بی ایل اے ہو یا فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں ، جب وزیراعظم نے کہا کہ ہم پہلگام واقعہ کی تحقیقات کیلئے تیار ہیں تو بھارت مکمل طور پر بیک فٹ پر چلا گیا ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کی جانب سے تحقیقات کی پیشکش کا جواب نہ دینا اس کے موقف پر سوالیہ نشان ہے ، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دے چکا ، دہشت گردی کے باعث پاکستان کو 600 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا، بھارت دہشت گردی کے ساتھ پانی کو بھی بطور ہتھیار استعمال کرتا ہے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کو بھرپور جواب دے کر اپنی طاقت ثابت کی، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی اور دفاع وطن کیلئے پرعزم ہے ، پاکستان کا سچ عالمی سطح پر ایک روشن حقیقت کے طور پر سامنے آیا، بھارت کے بے بنیاد الزامات اور من گھڑت بیانیے کو عالمی سطح پر پذیرائی نہ مل سکی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں