آسٹریلیا:پاک آرمی کے ارسام عباس ’اوور آل بیسٹ ملٹری کیڈٹ ‘قرار
لاہور(نیوزایجنسیاں ، دنیانیوز)آسٹریلیا کے ’رائل ملٹری کالج ڈنٹرون‘ نے پاکستانی آرمی کے کیڈٹ سردار ارسام عباس (پی ایم اے 152 لانگ کورس) کو پانچ مئی کو کینبرا میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقعے پر ‘اوورآل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ’ قرار دے دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ‘یہ اعزاز اس غیرملکی کیڈٹ کو دیا جاتا ہے جو تربیت کے تمام شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرے ۔یہ کامیابی پاک فوج کی جونیئر قیادت کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور اعلیٰ معیار کی عکاسی کرتی ہے ،ان کے مطابق ‘کمیشننگ پریڈ کا جائزہ آسٹریلوی چیف آف آرمی لیفٹیننٹ جنرل سائمن سٹیورٹ، اے او ڈی ایس سی نے کیا، تقریب میں سفارتی عملے کے ارکان، بشمول کینبرا میں پاکستانی ہائی کمشنر، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کے اہل خانہ اور آسٹریلوی دفاعی فورس کے حکام نے شرکت کی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان طویل عرصے سے مضبوط عسکری تعلقات قائم ہیں۔ 2013 سے اب تک پاک فوج کے سات افسران رائل ملٹری کالج میں بطور پلاٹون کمانڈر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ 2009 سے اب تک 46 پاکستانی کیڈٹس اس ادارے سے فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔یہ 14واں موقع ہے جب کسی پاکستانی آرمی کیڈٹ کو ‘اوورآل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ’ قرار دیا گیا ہے ۔ان میں لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد سہریا شہید، تمغۂ بسالت بھی شامل ہیں، جنہوں نے چار ستمبر 2020 کو شمالی وزیرستان میں جامِ شہادت نوش کیا۔ لیفٹیننٹ ناصر شہید کا نام رائل ملٹری کالج کے پریڈ گراؤنڈ میں نصب یادگاری تختی پر بھی درج ہے ، جو بہادر پاکستانی فوجی افسران کی جرات، قربانی اور وقار کی لازوال روایت کی علامت ہے۔