قانون کی حکمرانی اولین ترجیح : چیف جسٹس امین الدین
وفاقی آئینی عدالت اپنے آئینی مینڈیٹ کے مطابق مؤثر کردار ادا کر رہی ہے وکلا برادری عدلیہ کا اہم ستون ہے ،اسلام آباد بارکونسل کے وفد سے بات چیت
اسلام آباد (اے پی پی)چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت پاکستان جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور بروقت انصاف کی فراہمی عدالت کی اولین ترجیح ہے ، جس کیلئے وفاقی آئینی عدالت اپنے آئینی مینڈیٹ کے مطابق مؤثر کردار ادا کر رہی ہے ۔وفاقی آئینی عدالت کے شعبہ تعلقات عامہ کے اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس امین الدین خان نے اسلام آباد بار کونسل کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران عدالتی نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور عوام دوست بنانے کیلئے اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا اورکہا کہ عدالت آئینی اصولوں کی روشنی میں مقدمات کے فوری اور معیاری فیصلوں کیلئے پرعزم ہے جبکہ وکلا برادری کو عدلیہ کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں عدالتی اصلاحات، میرٹ پر مبنی تقرریوں اور ججوں کی منظم روٹیشن پر اتفاق کیا گیا تاکہ شفافیت اور ادارہ جاتی کارکردگی کو فروغ دیا جا سکے ۔وفد نے 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدالتی ہم آہنگی میں بہتری کو مثبت پیش رفت قرار دیا اور وفاقی آئینی عدالت کے مؤثر آغاز پر چیف جسٹس کو مبارکباد پیش کی۔