اسلام آباد میں خود کش حملے کا منصوبہ ناکام ، حملہ آور لڑکی بلوچستان سے گرفتار
اداروں نے بروقت کارروائی کرکے تباہی سے بچا لیا ، لڑکی کو دھمکی تھی حملہ نہ کیا تو والد قتل کردینگے :سرفرازبگٹی حملہ کیلئے ذہن سازی کی گئی،پولیس نے مجھے حراست میں لیا:بازیاب لڑکی،پریس کانفرنس،لاپتہ افراد میں شامل تھی
کوئٹہ (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے انکشاف کیا ہے کہ انٹیلی جنس اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد میں ممکنہ خودکش حملے کا منصوبہ ناکام بنا کر ملک کو بڑی تباہی سے بچا لیا اورمبینہ حملہ آور کم عمر لڑکی کو تحویل میں لے لیا، اسے دھمکی دی گئی تھی کہ خودکش حملہ نہ کیا تو اس کے والد کو قتل کر دیا جائے گا، دہشتگرد معصوم خواتین اور بچیوں کو ورغلا کر اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراعلی ٰسیکرٹریٹ کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔پریس کانفرنس کے دوران بازیاب لڑکی کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا ۔سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر ایک بچی کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں ، انٹیلی جنس معلومات اور کارروائی سے معلوم ہوا بچی دہشت گرد عناصر کے قبضے میں تھی۔
مذکورہ لڑکی کو اسلام آباد میں ممکنہ خودکش حملے کیلئے تربت سے اسلام آباد منتقل کیا جا رہا تھا کہ اس دوران کامیاب کارروائی کرکے اسے تحویل میں لے لیا گیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے انٹیلی جنس اور سکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے کہا کہ اگر اسلام آباد میں کوئی خودکش حملہ ہوتا تو اس کے انتہائی سنگین اثرات مرتب ہو سکتے تھے ، حکومت بچیوں کو تعلیم اور محفوظ مستقبل دینا چاہتی ہے جبکہ دہشتگرد انہیں خودکش جیکٹس پہنا کر تشدد کی راہ پر ڈال رہے ہیں،گرفتار لڑکی کو باعزت طریقے سے اس کے والد کے حوالے کیا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر گرفتار خودکش حملہ آور لڑکی نے بتایا کہ میرے کزن نے مجھے ڈرایا دھمکایا کہ آپ کالعدم تنظیم (بی ایل اے )کیلئے کام کرو، ورنہ تمہارے باپ کو قتل کردوں گا ، خودکش حملے کیلئے میری ذہن سازی کی گئی، پولیس نے مجھے حراست میں لیا اور باعزت طریقے سے رکھا۔