بنوں پولیس چوکی حملہ: افغان ناظم الامور دفترخارجہ طلب، احتجاجی مراسلہ دیا گیا
اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق بنوں میں پولیس چوکی پر ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشتگردوں نے کی۔
وفاقی دارالحکومت میں دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بنوں میں 9 مئی کے دہشتگرد حملے میں 15 پولیس اہلکار شہید اور 4 افراد زخمی ہوئے، تحقیقات، شواہد اور تکنیکی انٹیلیجنس سے ثابت ہوا کہ حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشتگردوں نے کی۔
دوسری جانب بنوں حملے پر افغان ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے سخت احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا، پاکستان نے افغان سرزمین دہشتگردی کےلیے استعمال ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) May 11, 2026
دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کی رپورٹس میں افغان سرزمین پر دہشتگرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کا ذکر موجود ہے اور پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کےخلاف فیصلہ کن کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ پاکستان نے دوست ممالک کی ثالثی میں افغان طالبان سے کئی مذاکرات کیے، لیکن افغان طالبان دہشتگرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی میں ناکام رہے، پاکستان اپنی قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔