جاپان کا ایران، لبنان اور فلسطین کیلئے ڈیڑھ کروڑ ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان

ٹوکیو: (دنیا نیوز) جاپان نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور انسانی بحران سے متاثرہ ایران، لبنان اور فلسطین کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جاپانی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ امداد صحت، طبی سہولیات، خوراک، صاف پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔

جاپانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جمعے کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران، لبنان اور فلسطین کے مغربی کنارے میں جاری انسانی بحران کے پیشِ نظر یہ ہنگامی گرانٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ امدادی رقم براہِ راست حکومتوں کو دینے کے بجائے انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (ہلالِ احمر)، انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز (آئی ایف آر سی)، ورلڈ فوڈ پروگرام، یونیسیف، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر)، انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) اور دیگر فلاحی اداروں کے ذریعے متاثرہ افراد تک پہنچائی جائے گی۔

بیان کے مطابق جاپان نے ایران کے لیے مجموعی طور پر ایک کروڑ امریکی ڈالر مختص کیے ہیں۔ اس میں سے 40 لاکھ ڈالر یو این ایچ سی آر کو پانی، صفائی، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے دیے جائیں گے جبکہ آئی ایف آر سی کو صحت اور طبی نگہداشت کے لیے 25 لاکھ ڈالر، ورلڈ فوڈ پروگرام کو غذائی امداد کے لیے 20 لاکھ ڈالر اور ہلالِ احمر کو طبی خدمات کے لیے 15 لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔

لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں سے متاثرہ اور بے گھر افراد کے لیے مجموعی طور پر 40 لاکھ امریکی ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ اس رقم میں سے ہلالِ احمر کو صحت اور طبی سہولیات کے لیے 15 لاکھ ڈالر، ورلڈ فوڈ پروگرام کو خوراک کی فراہمی کے لیے 10 لاکھ ڈالر، آئی او ایم کو پناہ گاہوں، کیمپوں کے انتظام اور دیگر بنیادی ضروریات کے لیے 10 لاکھ ڈالر، جبکہ یونیسیف کو پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کے منصوبوں کے لیے 5 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

فلسطین کے مغربی کنارے میں متاثرہ بچوں اور خاندانوں کے لیے صاف پانی اور نکاسِ آب کے تباہ شدہ نظام کی بحالی کے لیے 10 لاکھ امریکی ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جو یونیسیف کے ذریعے پانی، صفائی اور حفظانِ صحت سے متعلق منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔

جاپانی وزارتِ خارجہ نے مزید بتایا کہ اس ہنگامی امداد کے علاوہ جاپان نے اپنے الگ امدادی نیٹ ورک ’’جاپان پلیٹ فارم‘‘ کو بھی 6 لاکھ 40 ہزار امریکی ڈالر (تقریباً 9 کروڑ 60 لاکھ جاپانی ین) فراہم کیے ہیں، جن کے ذریعے جاپانی مقامی غیر سرکاری تنظیمیں لبنان میں موجود پناہ گزینوں میں راشن اور روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا تقسیم کر رہی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں