یومِ عاشور پر بہترین انتظامات، سہیل آفریدی کا پولیس اور انتظامیہ کو خراجِ تحسین
پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے یومِ عاشور کے موقع پر پشاور میں مرکزی جلوس کے مقام کوہاٹی کا دورہ کیا اور سکیورٹی و انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ نے جلوس کے راستوں پر کیے گئے انتظامات کا معائنہ کیا اور یومِ عاشور کے پرامن انعقاد کے لیے صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بہترین انتظامات پر صوبے کی تمام ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ زائرین نے بھی سکیورٹی کے مؤثر اور بہترین انتظامات کو سراہا، جو متعلقہ اداروں کی محنت کا ثمر ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا ظلم کے خلاف ڈٹ جانے، حق و صداقت پر قائم رہنے اور قربانی کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی اقدار کے فروغ اور معاشرے میں اتحاد و اخوت کے لیے کربلا کے پیغام کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سہیل آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی اجتماعات کے پرامن انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔