یو اے ای اور ایرانی وزرائے خارجہ کا رابطہ، مذاکرات کے تسلسل پر زور
ابوظبی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ جنگ بندی اور مفاہمت سے متعلق طے شدہ شرائط پر مکمل عملدرآمد خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ریاستوں کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کا احترام کیا جانا چاہیے، بین الاقوامی قانون کی مکمل پاسداری بھی انتہائی ضروری ہے۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے آبنائے ہرمز میں محفوظ اور آزاد جہاز رانی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی تجارت اور علاقائی استحکام کے لیے سمندری راستوں کا محفوظ رہنا بے حد اہم ہے۔
یو اے ای کے وزیر خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے مثبت نتائج کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن اور علاقائی استحکام کا حصول صرف سنجیدہ سفارتکاری، ذمہ دارانہ مکالمے اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ موجودہ بحرانوں کے حل کے لیے سفارتی کوششوں اور تعمیری مذاکرات کو ہر سطح پر فروغ دیا جانا چاہیے۔