موٹروے ایم 5 پر لیموں سے بھرا مزدا الٹ گیا، ایک بھائی جاں بحق، دوسرا زخمی
ملتان: (دنیا نیوز) موٹروے ایم-5 پر تیز رفتاری کے باعث لیموں سے بھرا مزدا ڈالا بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گرا اور الٹنے کے نتیجے میں ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق افسوسناک حادثہ موٹروے ایم-5 پر پول نمبر 733 کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتاری کے باعث مزدا ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی الٹ گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی میں دو سگے بھائی سوار تھے، حادثے کے نتیجے میں 26 سالہ عصمت اللہ سر پر شدید چوٹ لگنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ 30 سالہ اسد اللہ زخمی ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد نشتر ہسپتال منتقل کر دیا، جاں بحق ہونے والے نوجوان کی لاش بھی ضروری کارروائی کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کی گئی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔