این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
پنجاب میں میانوالی، خوشاب، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، شیخوپورہ، قصور، لیہ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، حاصل پور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ، کرک، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، سوات، دیر، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بونیر، مہمند، خیبر اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح سندھ کے کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، نواب شاہ، دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، سکھر اور گھوٹکی میں بھی بارش متوقع ہے۔
الرٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے اضلاع مظفرآباد، وادی نیلم، پونچھ، باغ، حویلی، کوٹلی اور میرپور جبکہ گلگت بلتستان کے علاقوں گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، دیامر، استور، غانچے، شگر اور کھرمنگ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں اور گرج چمک کے باعث سڑکوں پر پھسلن، حدِ نگاہ متاثر ہونے اور تیز ہواؤں سے بجلی کے نظام اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
الرٹ میں این ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔