روس اور یوکرین کے درمیان 160، 160 جنگی قیدیوں کا تبادلہ

ماسکو: (شاہد گھمن) روس اور یوکرین کے درمیان ایک اور قیدیوں کا تبادلہ عمل میں آیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے 160، 160 جنگی قیدی ایک دوسرے کے حوالے کر دیئے۔

روسی وزارتِ دفاع کے مطابق کیف کے زیرِ کنٹرول علاقے سے 160 روسی فوجیوں کو وطن واپس لایا گیا، جبکہ معاہدے کے تحت 160 یوکرینی جنگی قیدیوں کو بھی یوکرین کے حوالے کر دیا گیا۔

وزارتِ دفاع نے بتایا کہ رہا ہونے والے روسی فوجی اس وقت بیلاروس میں موجود ہیں، جہاں انہیں فوری نفسیاتی اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، اس دوران روس کی انسانی حقوق کی کمشنر یانا لانتراتوا بھی ان سے ملاقات کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: روس کا یوکرین کے 660 ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ

بیان کے مطابق ابتدائی طبی معائنے اور نفسیاتی معاونت کے بعد تمام روسی فوجیوں کو مزید علاج اور بحالی کے لیے روس منتقل کیا جائے گا، جہاں وزارتِ دفاع کے طبی مراکز میں ان کی مکمل دیکھ بھال کی جائے گی۔

روسی وزارتِ دفاع نے کہا کہ اس قیدیوں کے تبادلے کو ممکن بنانے میں متحدہ عرب امارات نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اہم ثالثی کردار ادا کیا، جس پر روس نے اماراتی حکام کی کوششوں کو سراہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں