پٹرول سستا ہوتے ہی ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا اعلان
15 فیصد تک کمی، مختلف شہروں کا کرایہ 1900 روپے تک گھٹ گیا
لاہور(سٹاف رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی کا اعلان کر دیا گیا۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے سی کلاس سٹینڈ انتظامیہ اور ٹرانسپورٹرز کے اجلاس میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کی۔ حکام نے کہا کہ قیمتوں میں کمی کے تناسب سے مسافروں کو مکمل فائدہ دیا جائے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں پندرہ فیصد کمی کر دی گئی۔دوسری جانب پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی کرایوں میں 15فیصد کمی کا اعلان کر دیا۔مختلف شہروں کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 1900 روپے تک کمی کر دی گئی ہے ۔عہدیداروں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے مشکور ہیں جنہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی۔انہوں نے حکومت سے اپیل ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ بھی کمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے ۔نئے کرایوں کے مطابق کراچی بزنس کلاس کا کرایہ 10 ہزار 450 روپے سے کم ہو کر 8 ہزار 550 روپے مقرر کر دیا گیا ہے ، جبکہ کراچی اکانومی کلاس کا کرایہ 8 ہزار 450 روپے سے کم ہو کر 7 ہزار روپے کر دیا گیا ہے ۔اسی طرح ایبٹ آباد کا کرایہ 3 ہزار 400 روپے سے کم ہو کر 2 ہزار 800 روپے ، بہاولنگر کا کرایہ 2 ہزار 350 روپے سے کم ہو کر 1 ہزار 950 روپے ، فیصل آباد کا کرایہ 1 ہزار 85 روپے سے کم ہو کر 900 روپے مقرر کر دیا گیا ہے ۔ڈی جی خان کا کرایہ 2 ہزار 600 روپے سے کم ہو کر 2 ہزار 130 روپے ، حافظ آباد کا کرایہ 2 ہزار 200 روپے سے کم ہو کر 1 ہزار 800 روپے جبکہ لاڑکانہ کا کرایہ 8 ہزار 450 روپے سے کم ہو کر 6 ہزار 930 روپے مقرر کر دیا گیا ہے ۔