HEC متاثرہ طلبہ ڈگریوں کی تصدیق کا عمل تیز کرے :قائمہ کمیٹی
آن لائن تصدیق شدہ ڈگریوں کی تفصیلی رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے نجی سکولوں میں 10فیصد غریب طلبہ کیلئے مفت تعلیمی پالیسی پر عملدرآمد کی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے ایچ ای سی کی جانب سے غیر مجاز کیمپسز کے طلبہ کی ڈگریوں کی تصدیق، کیمبرج اے لیول امتحانات میں مبینہ پیپر لیک، نجی سکولوں میں 10 فیصد غریب طلبہ کو مفت تعلیم کی پالیسی پر عمل درآمد اور تعلیمی معیار سے متعلق اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا، چیئرپر سن سینیٹر بشریٰ انجم بٹ کی زیر صدارت اجلاس میں سینیٹرز سید مسرور احسن، کامران مرتضیٰ، رحمت جمالی اور خالدہ عتیب نے شرکت کی۔کمیٹی نے ایچ ای سی کو ہدایت کی کہ پی ایم اے ایس اے ٹی یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا لاہور اور این آئی سی ای کراچی کے غیر مجاز کیمپسز کے متاثرہ طلبہ کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل مزید تیز کرے ، ایچ ای سی نے بتایا کہ تقریباً 6 ہزار متاثرہ طلبہ میں سے 4 ہزار 383 کیسز تصدیق کے لیے منظور کئے جا چکے ہیں اور اس مقصد کے لیے آن لائن سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔
تاہم کمیٹی نے آن لائن نظام کے ذریعے تصدیق شدہ ڈگریوں کی تفصیلی رپورٹ آئندہ اجلاس میں طلب کر لی۔اجلاس میں الخیر یونیورسٹی کی غیر تصدیق شدہ ڈگریوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا ، کمیٹی نے ہدایت کی کہ اس معاملے کی 10 سے 15 روز میں رپورٹ پیش کی جائے ، کمیٹی کو بتایا گیا کہ نجی سکولوں میں 10 فیصد غریب طلبہ کو مفت تعلیم دینے کی حکومتی پالیسی کے خلاف ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز نے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے اور ہائی کورٹ نے عبوری حکم امتناع جاری کر رکھا ہے ، چیئرپرسن بشریٰ انجم بٹ نے اس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے اپنی قانونی اور سماجی ذمہ داری سے گریز کر رہے ہیں، جبکہ ملک میں آؤٹ آف سکول بچوں کا مسئلہ سنگین ہے ، اس لئے اس پالیسی پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جانا چا ہئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments