بارشوں، دریاؤں کے بہاؤ ، آبی ذخائر کی مسلسل نگرانی کی جائے ،صدر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری نے مون سون بارشوں میں شدت کے پیش نظر وفاقی، صوبائی اور مقامی حکام کو ہدایت کی ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو، امدادی اور حفاظتی اقدامات مزید مؤثر اور تیز کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث اچانک سیلاب، بادل پھٹنے ، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلوف)، لینڈ سلائیڈنگ، دریاؤں میں طغیانی اور شہری سیلاب کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔صدر مملکت نے حالیہ بارشوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور املاک کو پہنچنے والے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے مؤثر بنائے جائیں، بروقت وارننگ جاری کی جائے اور بارشوں، دریاؤں کے بہاؤ اور آبی ذخائر کی مسلسل نگرانی کی جائے ۔ صدر مملکت نے ہدایت کی کہ خطرے سے دوچار آبادیوں اور بنیادی ڈھانچے کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔ علاوہ ازیں صدر مملکت نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور مصر کے برادر عوام کو قومی دن پر مبارکباد کا پیغام دیا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments