پاکستان اور صومالیہ کا دفاعی تعلقات، تعاون کے فروغ پر اتفاق
صومالی وزیرِ دفاع کی نیول چیف اور ایئر چیف سے ملاقاتیں، عسکری روابط پر گفتگو
اسلام آباد (دنیا نیوز) صومالیہ کے وزیرِ دفاع احمد معلم فقی نے نیول ہیڈکوارٹرز اور ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے الگ الگ ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دفاعی تعلقات اور عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے ملاقات کے دوران صومالیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دفاعی تعاون، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ عسکری روابط کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا۔ صومالی وزیرِ دفاع نے خطے میں بحری سلامتی کیلئے پاک بحریہ کے مؤثر کردار کو سراہا۔ بعدازاں صومالی وزیرِ دفاع کی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات میں دفاعی تعاون، استعدادِ کار میں اضافہ اور پیشہ ورانہ روابط کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی دفاعی صلاحیت، جدید تربیتی نظام اور پیشہ ورانہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور صومالی فضائیہ کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ صومالی وزیرِ دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور دفاعی میدان میں نمایاں کارکردگی کو سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments