امن کیلئے آسیان کیساتھ تعاون جاری رہے گا : اسحاق ڈار

امن کیلئے آسیان کیساتھ تعاون  جاری رہے گا : اسحاق ڈار

اسلام آباد (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آسیان کے 59 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ دوستی اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے آسیان کے رکن ممالک کی حکومتوں اور عوام کو 59ویں سالگرہ پر مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں، انہوں نے آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن کو بھی خطے میں علاقائی تعاون، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کیلئے مثالی قیادت اور مسلسل کوششوں پر مبارکباد دی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ آسیان ڈے جنوب مشرقی ایشیا کی اقوام کو متحد کرنے والے اتحاد، یکجہتی اور تعاون کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔

پاکستان اس اہم موقع پر اپنے آسیان دوستوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے خطے کے ساتھ دیرینہ دوستی اور شراکت داری کی تجدید کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آسیان علاقائی انضمام اور اجتماعی ترقی کا ایک نمایاں نمونہ ہے ، جس نے اقتصادی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور سفارتی روابط کے شعبوں میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، پاکستان ایشیا بحرالکاہل کے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں آسیان کے اہم کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آسیان کی جانب سے علاقائی امن، استحکام، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے جاری کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور ایک پرامن، خوشحال اور مربوط خطے کے مشترکہ وژن کے حصول کے لیے آسیان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...