عظمیٰ بخاری کی ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کروانے کی درخواست خارج
لاہور(کورٹ رپورٹر )سیشن کورٹ لاہور نے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کی ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کروانے کی درخواست خارج کردی۔ عدالت نے قرار دیا کہ قانون کے مطابق گواہ کا ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش ہوکر بیان ریکارڈ کروانا ضروری ہے۔
عظمیٰ بخاری کو آئندہ سماعت پر ٹرائل کورٹ کے روبرو پیش ہونے کا حکم دے دیا گیا۔عدالت نے درخواست خارج کرنے کا تین صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے فیصلہ جاری کیا۔فیصلے کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عظمیٰ بخاری ایک عوامی عہدہ رکھتی ہیں، تاہم عوامی عہدہ کسی شخص کو عدالت میں پیش ہونے سے منع نہیں کرتا۔عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار نے اپنی جان اور سلامتی کو حقیقی خطرے سے متعلق کوئی حقائق پیش نہیں کیے ۔عدالت نے مزید قرار دیا کہ اگر درخواست گزار کو سکیورٹی خدشات ہوں تو مزید سکیورٹی کے لیے متعلقہ حکام کو درخواست دے سکتی ہیں۔عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی سوشل ایکٹوسٹ فلک جاوید کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا، جبکہ قومی سائبر جرائم تحقیقاتی ادارہ مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کرچکا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments