مکہ دفاعی معاہدہ: شاہ سلمان کا مشترکہ کاوشوں پر محمد بن سلمان، شہباز شریف اور اردوان سے اظہار تشکر

ریاض: (دنیا نیوز) سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزيز نے مکہ دفاعی معاہدے کیلئے مشترکہ کاوشوں پر شہزادہ محمد بن سلمان، وزیر ا‏عظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان سے اظہار تشکر کیا ہے۔

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مکہ مشترکہ دفاعی سربراہی اجلاس کے نتائج کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طویل المدتی دفاعی شراکت داری کیلئے فریم ورک قائم کر دیا ہے جس کا مقصد مشترکہ تعاون، رابطہ کاری اور انضمام کو مزید مضبوط بنانا اور علاقائی و عالمی سلامتی و استحکام میں کردار ادا کرنا ہے۔

شاہ سلمان نے کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور پاکستانی وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی فرماں روا کا کہنا تھا کہ سہ فریقی سربراہی اجلاس نے تینوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات اور اسلامی یکجہتی کو مضبوط بنانے اور مشترکہ تزویراتی مفادات کے فروغ کے عزم کی توثیق کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طویل المدتی دفاعی شراکت داری کیلئے ایک مضبوط فریم ورک قائم ہوگیا ہے، جو مشترکہ تعاون، رابطہ کاری اور انضمام کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ہوگا۔

شاہ سلمان بن عبدالعزيز کا مزید کہنا تھا کہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور عالمی سلامتی و استحکام کے تحفظ کیلئے کوششیں جاری رکھنے میں بھی مدد ملے گی تاکہ خطے کے عوام اور وسیع تر عالمی برادری کی ایک زیادہ خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کی خواہشات کو پورا کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...