آبنائے ہرمز میں جہازوں کیلئے نئی پابندی، خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ مقرر
تہران: (دنیا نیوز) ایران نے آبنائے ہرمز سے اپنی مقررہ اجازت یا قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گزرنے والے تجارتی جہازوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کردیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق ایسے جہازوں پر ان کے سامان کی مجموعی مالیت کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان حسن قشقاوی کے مطابق کمیٹی نے آبنائے ہرمز سے متعلق مجوزہ قانون کی بعض شقوں کی منظوری دی ہے۔ ان شقوں کے تحت خلاف ورزی کرنے والے جہازوں سے جرمانہ وصول کرنے کے ساتھ انہیں عارضی طور پر تحویل میں بھی لیا جاسکے گا۔
قشقاوی کے مطابق جہاز کو اس وقت تک روکے رکھنے کی اجازت ہوگی جب تک مقررہ جرمانہ ادا نہیں کردیا جاتا، نئی شقوں میں آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت کے حوالے سے ایران کے طے کردہ قواعد پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مزید قانونی اقدامات بھی شامل ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت نمایاں طور پر کم ہوئی ہے۔
رائٹرز کے مطابق 21 ستمبر کو صرف دو بڑے تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، جبکہ تنازع سے قبل روزانہ اوسطاً تقریباً 125 بڑے تجارتی جہاز اس اہم بحری راستے سے گزرتے تھے۔
آبنائے ہرمز خلیج فارس سے عالمی منڈیوں تک تیل اور دیگر توانائی مصنوعات کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم بحری راستہ ہے۔ ایران کی جانب سے نئے ضوابط اور جرمانوں کا اعلان ایسے وقت میں ہوا ہے جب اس راستے کی سکیورٹی اور تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت پہلے ہی عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments