پاکستان اور قطر میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر اتفاق
قطر کے پرنس اورعبدالعلیم خان میں ملاقات،دوطرفہ تعاون پرتبادلہ خیال موٹرویزو شاہراہوں کی تعمیرمیں جوائنٹ وینچرز کے امکانات:وزیرمواصلات
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)قطر کے پرنس شیخ نائف بن عید آل ثانی نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے گزشتہ روز ملاقات کی جس میں پاکستان اور قطر کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری اور مشترکہ کاروباری مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات کے دوران پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور قطر مضبوط مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کے حامل ہیں، قطر میں ہزاروں پاکستانی تعلیم اور روزگار سے وابستہ ہیں جبکہ دن بدن دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور برادرانہ روابط مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان قطر سے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا اور موٹرویز و شاہراہوں کی تعمیر، توسیع اور ترقی کے منصوبوں میں جوائنٹ وینچرز کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعاون اور مشترکہ کاروباری معاملات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں اور پاکستان سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ خطے میں قطر خاص اہمیت رکھتا ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اس اہم ملک کا فعال کردار قابلِ تحسین ہے ، شیخ نایف بن عید آل ثانی نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments