بوائی سے قبل گندم کی قیمت کا اعلان حوصلہ افزا:خالد کھوکھر
گندم کی مجوزہ قیمت 4500 روپے فی من سے کسانوں میں امید پیدا ہوئی ہے کسانوں کو مناسب معاوضہ اور صارف کو سستی گندم میسر ہو گی :صدر کسان اتحاد
لاہور (اے پی پی)پاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا صوبوں کی مشاورت سے بوائی سے قبل گندم کی قیمت کے تعین کا اعلان حوصلہ افزا ہے ،صحیح قیمت کے تعین سے کسانوں کو محنت کا مناسب معاوضہ اور صارف کو سستی گندم میسر ہو گی،کسانوں کو کم لاگت پر کھاد،بیج،مشینری فراہم کر کے فصلوں کی بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے ،گندم کی قیمت 4500 روپے فی من تجویز کیے جانے سے کسانوں میں امید پیدا ہوئی ہے ، مناسب قیمت ملنے سے کاشتکار گندم کی کاشت میں دلچسپی لیں گے ، جس سے آئندہ فصلوں کے لیے رسد اور طلب میں توازن پیدا کرنے میں مدد ملے گی ۔پاکستان کی ترقی،کسان کی خوشحالی سے وابستہ ہے ،زراعت کو انڈسٹری کا درجہ دینا ہو گا۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ اگر کسان خوشحال ہوگا تو زراعت ترقی کرے گی،دیہی معیشت مضبوط ہوگی اور ملک میں غذائی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔،گزشتہ دو سے تین سال کسانوں کے لیے انتہائی مشکل رہے ہیں ،کسان کو پیداوار جاری رکھنے کے لیے مناسب معاشی حالات میسر ہونا ناگزیر ہیں،اگر کسان مسلسل مالی دباؤ کا شکار رہے گا تو زرعی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہوگا، اس لیے ضروری ہے کہ حکومت، کسان تنظیمیں، زرعی ماہرین اور متعلقہ ادارے باہمی مشاورت سے ایسی پالیسی تشکیل دیں جو کسان اور صارف دونوں کے لیے قابلِ قبول ہوں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments