شعیب اختر نے دانش کنیریا کے معاملے پروضاحت کردی

شعیب اختر نے دانش کنیریا کے معاملے پروضاحت کردی

بیان کو غلط انداز میں پیش کیاگیا، ٹیم کلچرپر بات نہیں کی تھی:سابق فاسٹ بائولر

راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک)سابق قومی فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے دانش کنیریا کے معاملے پر وضاحت کردی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ان کی باتوں کو غلط انداز میں پیش کیاگیا ، ان کی جانب سے ٹیم کلچر کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی تھی کیونکہ قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے دوران ایک غیر تحریری معاہدہ ہوتا ہے جس کے مطابق ہر کھلاڑی کو ایک دوسرے کا احترام کرنا ہوتا ہے ، چاہے وہ کوئی بھی ہو مگر وہاں کچھ کھلاڑیوں نے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا حالانکہ یہ پاکستانی ٹیم کا کوڈ آف کنڈکٹ نہیں ہے اور صرف ایک ،دو کھلاڑیوں کا معاملہ تھا جبکہ اس طرح کے کھلاڑی دنیا بھر میں ہر جگہ ہوتے ہیں جو نسل پرستانہ فقرے ادا کرتے ہیں ۔ شعیب اختر کے مطابق ا پنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے نامناسب رویہ اپنانے والوں کے خلاف وہ سختی سے نمٹے اور خود کو سوسائٹی کا حصہ سمجھتے ہوئے اس معاملے کو وہیں دبانے کی کوشش کی کیونکہ پاکستان کرکٹ کا یہ کلچر نہیں ہے اور ایک ،دو کالی بھیڑیں ہر جگہ موجود ہوتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم اس طرح کے نامناسب سلوک کو غالب نہیں ہونے دیتے ہیں اور گزشتہ دس ،پندرہ سال میں بطور معاشرہ بہت زیادہ بہتری آئی ہے جبکہ ہمیں ایک دوسرے کی عزت او ر آپس کے مذاہب کا احترام کرنا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں