خبردار! اس مینڈک کی (جعلی) آنکھوں میں زہر بھرا ہے

 خبردار! اس مینڈک کی (جعلی) آنکھوں میں زہر بھرا ہے

اگر آپ کو کہیں سویوبا مینڈک دیکھنے کا اتفاق ہو تو اس کی پشت پر بنے آنکھ نما ابھاروں کو غور سے نہ دیکھیں کیونکہ چند لمحوں بعد ان سے زہر کی پھوار خارج ہوسکتی ہے ۔

ریو ڈی جنیرو(نیٹ نیوز) اگر آپ کو کہیں سویوبا مینڈک دیکھنے کا اتفاق ہو تو اس کی پشت پر بنے آنکھ نما ابھاروں کو غور سے نہ دیکھیں کیونکہ چند لمحوں بعد ان سے زہر کی پھوار خارج ہوسکتی ہے ۔ یہ چالاک مینڈک خود کو شکاریوں سے بچانے کے لیے ان کی جانب پشت کرلیتا ہے جس پر آنکھ نما ابھار بنے ہیں اور جونہی شکاری قریب آتا ہے اسے ننھا مینڈک اپنی جسامت سے بڑا دکھائی دیتا ہے اور خطرے کی انتہا پر اس کے پھولے ہوئے جسم سے زہر خارج ہوتا ہے ۔ مصنوعی آنکھوں تلے غدود زہر سے بھرے ہیں جن سے نکلنے والا زہر 150 چھوٹے چوہوں کو ہلاک کرنے کے لیے کافی ہے جبکہ یہ انسان کو نہیں مارسکتا لیکن تھوڑا بہت نقصان ضرور پہنچاتا ہے اور اس سے جلن کا شدید احساس ہوتا ہے ۔دنیا بھر میں مینڈکوں کی آبادی کم ہورہی ہے لیکن سویوبا مینڈک بڑی تعداد میں انڈے دیتے ہیں اور اسی بنا پر ان کی آبادی مستحکم ہے ۔ ایک وقت میں مادہ 3800 انڈے دیتی ہے جن میں اکتوبر سے جنوری کے درمیان بچے پیدا ہوتے ہیں۔ ان کی افزائش کا موزوں ترین موسم کسی تالاب میں بارش کے تیسرے روز سے شروع ہوجاتا ہے ۔یہ مینڈک برازیل اور دیگر ملحقہ ممالک میں پایا جاتا ہے ۔ دوسری جانب سویوبا مینڈک کے نر اپنی ماداؤں کو راغب کرنے کے لیے تالاب میں شور مچاتے رہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں