حقہ پینا بھی دل کیلئے سگریٹ جتنا نقصان دہ

حقہ پینا بھی دل کیلئے سگریٹ جتنا نقصان دہ

حقہ پینے کی عادت بھی دل اور دوران خون کے لیے اتنی ہی تباہ کن ہے جتنا سگریٹ نوشی ہے ۔

کیلیفورنیا(نیٹ نیوز)یہ بات امریکہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو کمپنیاں حقہ نوشی کو تمباکو نوشی کا محفوظ متبادل قرار دیتی ہیں، وہ درحقیقت لوگوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔آج کل شیشہ کی شکل میں تمباکو کو حقے میں استعمال کرنے کا رجحان تیزی سے بڑھا ہے ، جس کے حوالے سے تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ واٹر پائپ سے تمباکو کا استعمال بھی محفوظ نہیں۔تحقیق کے دوران دریافت کیا گیا کہ حقہ پینے کی عادت کے نتیجے میں خون کی شریانوں پر سیگریٹ نوشی جیسے ہی مختصر المدت اور طویل المعیاد اثرات مرتب ہوتے ہیں۔نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ فلیور تمباکو کا استعمال اکثر نوجوانوں کے لیے تمباکو مصنوعات کے استعمال کا پہلا ذریعہ بنتا ہے ۔ محققین کا کہنا تھا کہ یہ نوجوان اور بڑی عمر کے افراد اس عادت کے نتیجے میں سیگریٹ جیسے زہریلے کیمیکلز سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ درحقیقت حقہ نوشی سگریٹ کے مقابلے میں زیادہ نقصان دہ اجزا جسم کا حصہ بناتی ہے کیونکہ اسے پینے کا دورانیہ ایک سگریٹ کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے ۔تحقیق کے مطابق عام طور پر اس کا 'سیشن' ایک گھنٹے تک ہوسکتا ہے اور اس دورانیے میں لوگ متعدد بار دھواں کھینچتے ہیں جو کہ بہت زیادہ سگریٹ کے برابر نکوٹین جسم تک پہنچا دیتا ہے ۔اس نکوٹین کے اثرات دل اور شریانوں کے نظام کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں۔اس عادت کے نتیجے میں سب سے پہلے تو شریانیں اکڑنا شروع ہوتی ہیں جس کے بعد بتدریج دل کو نقصان پہنچنے لگتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں