سائبر کرائمز کی ماہر تفتیش کار پولیس افسر ’’مس جرمنی ‘‘ بن گئی
رواں برس ’’مس جرمنی‘‘ کے ٹائٹل سے 28 سالہ خاتون کو نوازا گیا جو ایک پولیس افسر ہیں اور انٹرنیٹ پر کئے جانے والے جرائم کی ماہر تفتیش کار ہیں۔نادین بیئرنیز کو ایک روز قبل ’’مس جرمنی‘‘ کے ٹائٹل کی حق دار قرار دیا گیا۔
فرینکفرٹ (نیٹ نیوز) سب سے طویل عرصے سے چلے آ رہے جرمنی کے اس مقابلہ حسن کا فائنل جرمنی اور فرانس کی سرحد کے قریب واقع شہر رسٹ کے یورپاپارک میں ہوا،ٹائٹل جیتنے کا خواب سچ کرنے والی نادین بیئرنیز پولیس اہلکار ہیں اور سائبر کرائمز کی ماہرتفتیش کار ہیں ،ان کا تعلق جرمن ریاست سیکسنی کے شہر ڈریسڈن سے ہے البتہ وہ سٹٹ گارٹ میں تعینات ہیں۔ نادین بیئرنیز سائیکل چلانے اور ورزش کرنے کا شوق رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ یہ ٹائٹل جیتنے کے بعد ایک سال کیلئے چھٹی کی درخواست دیں گی تاکہ وہ اس دوران ’’مس جرمنی‘‘ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے سکیں۔انہوں نے کہاپچھلے دس سال سے ایک پولیس افسر ہوں اور مجھے کبھی یہ محسوس نہیں ہوا کہ میں نے غلط فیلڈاختیار کی ہے۔ نادین بیئرنیز کو مس جرمنی کا ٹائٹل جیتنے پر ایک سال کیلئے بلا معاوضہ سفر، ایک کار اور ایک سال کیلئے کپڑے وغیرہ بھی فراہم کئے جائیں گے ۔