سکیورٹی فورسز کا قلات میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 خوارج جہنم واصل
راولپنڈی(دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں چار خوارج جہنم واصل کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں ہندوستانی پراکسی، فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا۔
آئی ایس پی آر کے مطاق مارے جانے والے بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے جن سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز علاقے میں پائے جانے والے دیگر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری رکھے گی جب کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ’عزم استحکام ویژن‘ کے تحت انسدادِ دہشتگردی مہم پوری رفتار سے چلا رہے ہیں۔