امریکی ماہرین نے بے خوابی کی وجہ بتانے والا نائٹ ڈریس تیار کرلیا
امریکی ماہرین نے ایک ایسا نائٹ ڈریس بنایا ہے جو آپ کی نیند کی کیفیت یا بے خوابی کو انتہائی احتیاط سے نوٹ کرتا رہتا ہے ۔
بوسٹن(نیٹ نیوز)میڈیارپورٹس کے مطابق یونیورسٹی آف میساچیوسیٹس کے ماہرین نے ایک پاجامہ اور شرٹ تیار کی ہے جس میں دل کی دھڑکن، سانس لینے کے عمل اور حرکات وسکنات کو نوٹ کرنے والے سنسر اس وقت بھی کام کرتے رہتے ہیں جب آپ نیند کی آغوش میں ہوتے ہیں۔اس یونیورسٹی کی سائنسداں ٹریشا اینڈریو اور ان کے ساتھیوں نے جو لباس تیار کیا ہے جو پہننے والے کی دیگر جسمانی کیفیات کے ساتھ آر ای ایم نیند کو بھی نوٹ کرکے یہ بتاتا ہے کہ نیند کا معیار کیسا ہے جبکہ پوری رات نیند کے دوران سانس لینے کے عمل اور آکسیجن کی کمی بیشی کا جائزہ بھی لے سکتا ہے ۔ماہرین نے ہلکے پھلکے پانچ سنسر قمیص کے اندر سی دئیے جو بستر کے خلاف جسمانی دباؤ کو نوٹ کرتے رہتے ہیں۔ سینے کے اوپر آنے والا ایک حساس برقی سنسر دل کی دھڑکن اور نظامِ تنفس کا مسلسل جائزہ لیتا رہتا ہے ۔سینسر کو باہم جوڑنے کیلئے باریک تار دھاگے کے اندر بنے گئے ہیں اور کوئی انہیں پہچان بھی نہیں سکتا جبکہ شب خوابی کے اس لباس کو بار بار دھویا جاسکتا ہے بلکہ مشین میں بھی دھویا جاسکتا ہے ۔