بلبلوں کا جال بناکر شکار کو پھنسانے والی ہمپ بیک وہیل
سمندری مخلوق ہمپ بیک وہیل کے بارے میں پہلی بار انکشاف ہوا ہے کہ وہ اپنے شکار کو دیکھ کر گہرائی میں غوطہ لگاتے ہوئے بلبلے چھوڑتی ہیں اورایک دائرہ بناتی ہیں،
نیویارک(نیٹ نیوز)سمندری مخلوق ہمپ بیک وہیل کے بارے میں پہلی بار انکشاف ہوا ہے کہ وہ اپنے شکار کو دیکھ کر گہرائی میں غوطہ لگاتے ہوئے بلبلے چھوڑتی ہیں اورایک دائرہ بناتی ہیں، اس طرح چھوٹی مچھلیوں کے غول وغیرہ اس میں قید ہوکر رہ جاتے ہیں۔اس کے بعد سمندری کی گہرائی سے دیگر وہیل نمودار ہوتی ہیں اور پھنسی ہوئی مچھلیوں کو کھانا شروع کردیتی ہیں۔ اب یہ سارا منظر ویڈیو میں قید کرلیا گیا ہے جو پوری دنیا میں مشہور ہورہی ہے ۔ اس ویڈیو میں وہیل پر لگے کیمرے سے بھی پوری روداد دیکھی جاسکتی ہے اور ایسا لگتا ہے جیسے آپ خود وہیل ہیں اور اس عمل سے گزر رہے ہیں۔دوسرے کیمرے کی ویڈیو سے بھی یہ ماجرا دیکھا جاسکتا ہے جو بہت دلفریب ہے اور اس میں بلبلوں کا دائرہ نما جال دیکھا جاسکتا ہے ۔ یہ سارا ماجرہ اور تحقیق یونیورسٹی آف ہوائی کے تحت انجام دیا گیا ہے جس کے ماہرین نے وہیل پر کیمرے اور سینسر نصب کیے ہیں اور قیمتی ڈیٹا حاصل کیا ہے ۔ہمپ بیک وہیل نقل مکانی کرتی رہتی ہیں اور موسمِ گرما میں الاسکا کے پانیوں میں غذا کی تلاش میں آتی ہیں جبکہ موسمِ سرما میں وہ ہوائی کے قریب پانیوں میں چلی جاتی ہیں جہاں وہ بچوں کو جنم دے کر انہیں پالتی ہیں۔