"DLK" (space) message & send to 7575

رنگینیوں میں سلگتی بغاوت

بیرون ملک کام کرنے والے محنت کشوں کی رقوم پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر اور معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ ان محنت کشوں کی بڑی تعداد مشرق وسطیٰ اور خلیجی ریاستوں میں انتہائی تلخ حالات میں اپنی محنت بیچنے پر مجبور ہے۔ پاکستان کی کرپٹ سیاسی اشرافیہ کو وہاں کام کرنے والے محنت کشوں کے حالات زندگی سے کوئی سروکار نہیں۔ ملک میں معاشی، سیاسی یا سماجی استحکام لانے سے قاصر یہ حکمران طبقہ خود اپنی دولت اور جائیدادیں ان ریاستوں میں منتقل کر رہا ہے۔ انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری سہارن برو کے مطابق ان ممالک میں مزدوری کرنے والے محنت کش ''21ویں صدی کی غلامی میں زندگی گزار رہے ہیں۔ یہ ہولناک ہے...زیادہ تر کمپنیاں اپنے مزدوروں کو ڈربہ نما کمروں میں رہنے پر مجبور کرتی ہیں۔ کام کے دوران حادثات اور اموات عام ہیں...‘‘
اپنے ملک میں بدترین غربت ان محنت کشوں کو مجبور کر دیتی ہے کہ اپنے خاندان کا پیٹ بھرنے کے لئے ان حالات میں بیرون ملک محنت مزدوری کریں۔اپنے ممالک میں واپسی یا ملک بدر کر دیے جانے کی صورت میں ان کا کوئی مستقبل نہیں رہتا۔پاکستان کے حکمرانوں نے مصنوعی طور پر روپے کی قدر میں اضافہ کر رکھا ہے تاکہ یہاں سے لوٹی گئی دولت زیادہ سے زیادہ ڈالروں میں تبدیل کر کے بیرون ملک منتقل کر سکیں۔ اس مالیاتی فراڈ کا سب سے زیادہ نقصان بھی بیرون ملک کام کرنے والے محنت کشوں کو ہورہا ہے جن کی وطن بھیجی گئی رقوم کی قدر روپے میں کم ہوجاتی ہے۔ کشمیر سے لے کر بلوچستان اور پنجاب سے پختونخوا تک لاکھوں خاندانوں کی زندگی اس ترسیل زر پر منحصر ہے۔ پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، بھارت اور جنوبی ایشیا کے دوسرے ممالک کے بے شمار علاقے ایسے ہیں جہاں کی معاشی زندگی کا دارومدار اسی ترسیل زر پر ہے۔ بگڑتے ہوئے معاشی حالات میں اپنے گھروں کے چولہے گرم رکھنا بیرون ملک کام کرنے والے محنت کشوں کے لئے زندگی موت کا مسئلہ بن چکا ہے۔خلیجی ممالک میں سرمایہ کاری کرنے والی ملٹی نیشنل اور مقامی کمپنیاں اس مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے استحصال میں مسلسل اضافہ کر رہی ہیں۔ ان حالات میں ڈیپورٹیشن یعنی ملک بدری ان محنت کشوں کے لئے سزائے موت سے کم نہیں ہے۔
سیون سٹارہوٹلوں ، عیاشی اور کارپوریٹ زرق برق سے لبریز متحدہ عرب امارات کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں‘ یہاں کی صرف 20فیصد آبادی کو شہریت کے حقوق حاصل ہیں۔ شہریت حاصل کرنے کے لئے امارات کے مقامی باشندوں کے ساتھ خون کا رشتہ ثابت کرنا بنیادی شرط ہے۔ یہاں رائج نام نہاد نظام کے تحت غیر ملکی محنت کشوں کی قانونی حیثیت روزگار فراہم کرنے والے مالک کے تابع ہے۔ یہ محنت کش کمپنی کی مرضی کے بغیر نوکری تبدیل نہیں کر سکتے۔ رائٹرز کے مطابق ''یہ جدید طرز کی غلامی ہے۔ امارات کے ایک شہری اور بلیو کالر غیر ملکی ملازم کی اجرت میں بھی زمین آسمان کا فرق ہے۔‘‘متحدہ عرب امارات کی مطلق العنان انتظامیہ غیر ملکی محنت کشوں کی بھرتیوں اور استحصال میں ملٹی نیشنل
کمپنیوں کو خوب آڑ فراہم کرتی ہے۔ دوسری خلیجی ریاستوں کی طرح یہاں بھی نجی کمپنیوں کی منشا سے جاری کیا گیا ''ورک ویزا‘‘ فرد کے قانونی رتبے کا تعین کرتا ہے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی عام ہے کیونکہ مالکان جب چاہیں ملازمین کو ملک سے نکال سکتے ہیں۔ کام کے بدترین حالات کے باوجود بھی غیر ملکی محنت کش ہڑتال یا احتجاج نہیں کرسکتے۔ ٹریڈ یونین، ہڑتال یا احتجاجی مظاہرے متحدہ عرب امارات میں قانونی طور پر جرم ہیں اور صحافت سخت ریاستی جکڑ میں ہے۔ ریاست کے لیبر قوانین مالکان کے حق میں مرتب کئے گئے ہیں۔ سرمایہ کاری اور سیر و سیاحت کے لئے جس شہر کو مثالی قرار دیا جاتا ہے وہاں اپنے حق کے لئے آواز اٹھانا ریاست کے نزدیک''سکیورٹی رسک‘‘ ہے۔
جبر و استحصال کی اس انتہا میں بھی پچھلے چھ ماہ میں دوسری بار دبئی میں محنت کشوں نے ہڑتال کی ہے۔ منگل 10مارچ کو ایک بہت بڑی تعمیراتی کمپنی کے سینکڑوں مزدوروں ہڑتال پر چلے گئے۔ خوفناک جبر اور بلیک میلنگ کے باوجود مالکان استحصال کی بڑھتی ہوئی شدت کے خلاف اس بغاوت کو نہیں دبا سکے۔ ہڑتال کی فوری وجہ اجرتوں میں حالیہ کمی اور کمپنی کی طرف سے دی جانے والی کم تر معیار کی خوراک تھی۔ 50ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ درجہ حرارت پر مشقت کرنے والے ان محنت کشوں سے 200ڈالر ماہانہ پر کام لیا جارہا تھا ۔ہڑتال پر جانے والے مزدور اجرت میں 100ڈالر اضافے کا مطالبہ کررہے تھے۔سید خالد نامی مزدور نے الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے بتایا: ''ہم ایک کمرے میں پانچ لوگ رہتے ہیں۔ 50لوگوں کو صرف ایک باتھ روم میسر ہے۔یہ کمپنی بہت ظالم ہے۔ہڑتال کرنے کا خیال بالکل درست تھا۔زیادہ تر محنت کش قرضے کے بوجھ تلے دب کر دبئی آتے ہیں ۔یہ قرضہ بھی ویزہ فیس اور ایجنٹوں کی جیب بھرنے کے لئے لینا پڑتا ہے۔‘‘یاد رہے یہ کمپنی دنیا کی بلند ترین عمارت ''برج خلیفہ ‘‘ کی تعمیر کرنے والی کمپنیوں میں شامل ہے۔
تمام خلیجی ممالک میں احتجاج کرنا جرم ہے لہٰذا پلے کارڈ اٹھانے کی بجائے ہڑتال کرنے والے محنت کش اپنے تنگ و تاریک رہائشی کمروں تک محدود رہے اور کام پر نہیں آئے۔ ہڑتال کا خاتمہ ریاستی جبر کے ذریعے کیا گیا کیونکہ کمپنی نے محنت کشوں کے مطالبات ماننے سے انکار کردیا تھا۔قوی امکان ہے کہ ہڑتال میں حصہ لینے والے تین ہزار محنت کشوں میں سے سینکڑوں کو اس ملک سے نکال دیا جائے گا‘ جسے انہوں نے اپنے ہاتھوں سے تعمیر کیا ہے۔
عالمی سطح پر سرمایہ دارانہ معیشت کے گہرے بحران سے بچنے کے لئے متحدہ عرب امارات کے حکمران کینشین پالیسیاں اپنا رہے ہیں اور ریاستی سرمایہ کاری کے تحت بڑے تعمیراتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ حکومت 32.7ارب ڈالر کی لاگت سے دبئی میں ایئرپورٹ بنا رہی ہے۔اسی طرح 2020ء کا ''ورلڈ ایکسپو‘‘ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہو گا جس کے لئے بڑی تعمیرات کی جارہی ہیں۔ساتھ ہی ساتھ شرح منافع میں اضافے کے لئے محنت کشوں کی اجرت مسلسل کم کی جارہی ہے۔
پہلی جنگ عظیم کے نتیجے میں سلطنت عثمانیہ کے انہدام کے بعد سامراج نے معاہدہ سائیکس اور اعلان بالفور جیسے معاہدوں کے ذریعے مصنوعی لکیریں کھینچ کر مشرق وسطیٰ کی بندر بانٹ کی تھی تاکہ تیل سمیت خطے کے وسیع معدنی ذخائر کو لوٹا جاسکے۔ یہ ریاستیں اس طرح سے تشکیل دی گئی تھیں کہ زیادہ آبادی والے ممالک میں کم تیل ہو جبکہ زیادہ تیل والے ممالک میں کم آبادی ہو۔ متحدہ عرب امارات بھی ایسی ہی ایک مصنوعی ریاست ہے جہاں جنوبی ایشیا کے لاکھوں مزدور جبری مزدوری جیسے حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔لیکن سرمایہ داری کے بڑھتے ہوئے معاشی بحران میں ان ممالک پر براجمان سامراج کے کٹھ پتلی حکمرانوں کے لئے اپنا معاشی اور سیاسی غلبہ قائم رکھنا مشکل ہورہا ہے۔ حالیہ ہڑتالیں ظاہر کرتی ہیں کہ محنت کش طبقہ بدترین جبرکے خلاف بھی کھڑا ہوسکتاہے۔آنے والے دنوں میں اس طرح کے مزید واقعات رونما ہوں گے۔ یہ ہڑتالیں وہ چنگاری ثابت ہو سکتی ہیں جو پورے خلیج کی مطلق العنان بادشاہتوں کا جبر سہنے والے علاقائی اور غیر ملکی محنت کشوں میں بغاوت کی آگ بھڑکا سکتی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں