"DLK" (space) message & send to 7575

38سال کا اندھیر!

4اور 5جولائی 1977ء کی درمیانی رات اس بدنصیب ملک کی تاریخ کا سب سے بھیانک موڑ تھا۔ امریکی سامراج کی ایما پر شروع کئے گئے ''آپریشن فیئر پلے‘‘ کے تحت جنرل ضیا الحق نے اقتدار پر شب خون مارا اور پیپلز پارٹی کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا۔ یہ المناک عہد کا آغاز تھا جس میں کلاشنکوف کلچر، مذہبی منافرت، فرقہ واریت،منافقت، منشیات اور کالے دھن کا زہر سماج کی رگوں میں اُتارا گیا۔ ظلم و جبر کی یلغار کے ذریعے مزدور تحریک، ٹریڈ یونین اور طلبہ تنظیموں کو کچلا گیا۔بائیں بازو کے ہر رجحان کو ہر ممکن حد تک ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ سر عام کوڑے مارنا اور ملٹری عدالت میں جعلی کیس چلا کر تختہ دار پر لٹکانا معمول بنا۔ پاکستان کیا دنیا کے کسی بھی پسماندہ اور آفت زدہ ملک میں بھی ایسے ظلم و جور کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔
ثقافت اور سیاست مسخ ہو گئی‘ آرٹ اور سینما کا گلا گھونٹ دیا گیا۔شہروں کی رونق بجھ گئی۔ نجی زندگی میں مذہبی رجعت کو اس جنون سے ٹھونسا گیا کہ سماج کا دم گھٹنے لگا۔ خواتین (خاص کر محنت کش طبقے کی)اس وحشی آمریت کے نشانے پر رہیں۔ نہ صرف ''چادر اور چار دیواری‘‘ کی آڑ میں انہیں نفسیاتی غلامی کی زنجیروں میں جکڑ دیا گیا بلکہ سیاسی اور معاشی زندگی میں ان کی شراکت مسدود کر کے جنسی استحصال میں بے حد اضافہ کیا گیا۔ کالونی ٹیکسٹائل مل (ملتان) میں قتل عام اور 1983ء میں سندھ میں ایم آر ڈی تحریک پر بدترین ریاستی جبر جیسے واقعات تسلسل اختیار کر گئے۔ محنت کش طبقے کی یکجہتی کو توڑنے کے لئے کراچی جیسے صنعتی شہروںمیں لسانی یا فرقہ وارانہ تعصبات کے بیج بوئے گئے۔
28اپریل 1978ء کو افغانستان میں جاگیر داری، سرمایہ داری اور سامراج کے خلاف برپا ہونے والے انقلاب کو کچلنے کے لئے امریکہ اور عرب حکمرانوں کی معاونت سے مذہبی جنون کی فیکٹریاں اسی عہد میں لگائی گئیں۔ اسلامی بنیاد پرستی اور ''جہاد‘‘ ریاستی پالیسی کے بنیادی ستون بن گئے۔ ڈالر جہاد کے لئے کرائے کے قاتل بڑے پیمانے پر مقامی طور پر بھی تیار کئے گئے اور 'درآمد‘ بھی ہوئے۔ترقی پسند طلبہ کی سیاست کو بنیادپرست اور فاشسٹ تنظیموں کے ذریعے کچلا گیا۔بڑے تعلیمی اداروں پر ایسی تنظیموں کو ریاستی سرپرستی میں مسلط کیا گیا جن سے طلبہ کا سیاسی شعور اور ان اداروں کی ثقافت اور روایات مسخ ہو کر رہ گئیں۔ کئی جمہوری حکومتیں آئیں اور گئیں لیکن طلبہ سیاست پر اس عہد میں لگی پابندی آج بھی برقرار ہے۔
ریاست کی سرپرستی میں رجعت اور سماجی حبس کے اس ماحول میں گھٹن، بیگانگی، پراگندگی، بدعنوانی، منافقت، جرائم اور 'کمرشلائیزڈ ملائیت‘ جیسے ناسور ہی جنم لے سکتے تھے۔ فن اور کھیل سے وابستہ شہرت یافتہ شخصیات اور دوسرے سماجی شعبوں کے با اثر افراد کے پاس دو ہی راستے تھے: آمریت اور اس کی 'اسلامائیزیشن‘ کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے جائیں یا پھر علم بغاوت بلند کیا جائے۔ اس درمیانے طبقے کی اکثریت نے ''مصالحت‘‘ کرنے کو ترجیح دی، آج کی طرح ضمیر کا سودا کرنے والوں کی کمی تب بھی نہ تھی۔ لیکن مذہب کی آڑ میں کھلے جبر کے راج کو للکارنے والے تب بھی تھے، ایسے لوگ ہر عہد میں ہوتے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ایسی ہر آواز کو خاموش کر دینے کے لئے ہر طرح کی وحشت ڈھائی گئی۔ احمد فراز کی نظم ''محاصرہ‘‘ کے کچھ اشعار اس معرکے کی خوب منظر کشی کرتے ہیں:
میرے غنیم نے مجھ کو پیام بھیجا ہے
کہ حلقہ زن ہیں میرے گرد لشکری اس کے
سو شرط یہ ہے کہ جو جاں کی اماںچاہتے ہو
تو اپنے لوح و قلم قتل گاہ میں رکھ دو
وگرنہ اب کے نشانہ کمان داروں کا
بس ایک تم ہو، سو غیرت کو راہ میں رکھ دو...
جس بنیادی مقصد کے لئے سامراج نے اس آمریت کو مسلط کیا تھا، اس پر کم ہی بات ہوتی ہے۔ امریکی سامراج کے سٹریٹجک مقاصد اپنی جگہ، لیکن صرف یہی ایک وجہ نہ تھی۔ سامراجی ڈاکہ زنی اور سرمایہ دارانہ استحصال کو یقینی بنانے والے اس معاشی نظام کا تحفظ مقصود تھا جس کے لئے جمہوری لبادے کو چاک کرنا سامراجی قوتوں کی مجبوری بن چکی تھی۔ ضیاالحق نے بھٹو حکومت میں قومیائے گئے ادارے سرمایہ داروں (بشمول شریف خاندان) کو واپس کئے، نجکاری اور دوسری نیولبرل معاشی پالیسیوں کی شروعات بھی اسی دور میں ہوئیں۔ سامراجی اجارہ داریوں اور سرمایہ داروں کو منہ بولی مراعات اور مفادات سے نوازا گیا اور اسلام کے نام پر جابر سرمایہ داری مسلط کی گئی۔ سیاست اور معیشت سے 'سوشلزم‘ کا لفظ تک کھرچ ڈالنے کی پوری کوشش کی گئی۔ یہ ملائوں اور مغربی سامراج کے گہرے یارانے کا دور تھا۔ سرکاری سر پرستی میں ''کفر‘‘ کے فتووں کی صنعت اس دور میں خاصی پروان چڑھی اور آج تک پیداوار دے رہی ہے۔
تمام تر سچائی، جرأت اور مزاحمت کے باوجود ضیائی فسطائیت کے خلاف ابھرنے والی تحریکوں کو انقلابی قیادت میسر نہ تھی۔ یہ ضیا آمریت کی طوالت کا اہم سبب تھا۔دوسری طرف طاقت کے نشے، مذہبی جنون اور ''امیر المومنین‘‘ بننے کے خبط نے ضیاالحق کو فرعون بنا دیا تھا۔اس نے اپنے آقائوں اور مالکان کو ہی آنکھیں دکھانا شروع کر دی تھیں۔جیسے محمد خان جونیجو خود کو سنجیدگی سے وزیر اعظم سمجھنے لگا تھا؛ چنانچہ ضیاالحق کو اس کا بوریا بستر گول کرنا پڑا۔ ضیا الحق نے بھی اپنے اقتدار کو امریکی سامراج کے اختیار سے بڑا سمجھنا شروع کر دیا تھا۔ اپریل 1988ء میں جنیوا معاہدے کے تحت افغانستان سے سوویت فوجوں کا انخلا شروع ہوا، تین ماہ بعد ضیا الحق کا جہاد ہوا میں ہی پھٹ گیا۔
المیہ یہ ہے کہ ضیاالحق کے بعد بھی رجعت کی خون آشام رات کا تسلسل جاری ہے۔بعد کی جمہوری حکومتوں نے اس کی معاشی پالیسیوں کی عوام دشمنی میں اضافہ ہی کیا۔ آئین اور قانون میں موجود ضیاالحقی شقیں آج بھی موجود ہیں۔ آج کے میڈیا، ثقافت، اخلاقیات، رویوں اور اقدار پر ضیاالحق کی چھاپ بدستور موجود ہے۔ سیاست پر حاوی تمام پارٹیوں کی قیادت کو ضیاالحق کی باقیات کہا جائے تو غلط نہ ہو گا۔
جنرل جیلانی کی تخلیق کردہ پارٹی اور ''سیاستدان‘‘ آج برسر اقتدار ہیں۔ گجرات کے چوہدریوں کو یہ ''اعزاز‘‘ حاصل ہے کہ ان کے بزرگ چوہدری ظہور الٰہی نے وہ قلم ضیاالحق سے بطور تحفہ حاصل کیا تھا جس سے ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے احکامات جاری ہوئے تھے۔ ایم کیو ایم اسی آمریت میں ''حساس اداروں‘‘ نے پروان چڑھائی تھی۔جماعت اسلامی اس آمریت کی 'ٹیم بی‘ تھی اور عمران خان کو ضیاالحق نے ذاتی درخواست کر کے کرکٹ ٹیم کی کپتانی جاری رکھنے پر راضی کیا تھا۔مدرسوں سے ڈالر جہاد کا ''خام مال‘‘ فراہم کرنے کے لئے جے یو آئی کو مالی اور سیاسی طور پر خوب توانا کیا گیا تھا۔آج ملک کے طول و ارض میں برپا مذہبی جنون اور دہشت گردی، منشیات اور دوسرے جرائم اسی کالی معیشت کی پیداوار ہیں جن کی بنیادیں ڈالر جہاد کے لئے استوار کی گئی تھیں۔
پھر پیپلز پارٹی پر مسلط ضیا باقیات کا ذکر کیسے نہ ہو۔ ویسے تو بھٹو کی پھانسی کے وقت ہی مرکزی کمیٹی کے بیشتر ارکان پسپائی اختیار کر گئے تھے۔ عام کارکنان کی قربانیوں اور جدوجہد کی طویل داستان ہے۔ لیکن 1984ء میں امریکیوں کی مداخلت سے پارٹی قیادت بھی سمجھوتے پر راضی ہو گئی۔ زرداری اس وقت ضیا کے بلدیاتی الیکشن لڑ رہا تھا جب سندھ میں فوجی آپریشن سے وسیع خونریزی ہو رہی تھی۔یوسف رضا گیلانی ضیا کا سب سے چہیتا وزیر تھا، رحمان ملک، شفیقہ ضیا کا خاص ملازم تھا۔فہرست طویل ہے۔ ضیا کا ہر حواری، پارٹی کے بنیادی نظریات اور محنت کشوں کا ہر ازلی دشمن آج پارٹی قیادت کا حصہ ہے۔ ''جمہوریت‘‘ اور ''مصالحت‘‘ کا مکروہ فریب ان سیاہ دھبوں کو مٹا نہیں سکتا۔اس بدعنوان، ضمیر فروش سیاست کو ضیاالحق نے ہی جنم دیا تھا اور یہ اسی کی پالیسیاں جاری رکھی ہوئے ہے۔ عوام کا معاشی قتل عام اور محرومیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ 5جولائی کا اندھیر ابھی چھٹا نہیں ہے۔
انسان مر جاتے ہیں لیکن سچے نظریات کبھی مٹ نہیں سکتے۔ محنت کش عوام کو آمریت اور جمہوریت کے خونی گھن چکر سے نکل کر ان مظالم کا انتقام لینا ہے۔زخموں سے چور یہی بدحال مخلوق تاریخ کے میدان میں اترے گی، سرخ سویرا ہی اس تاریکی کو مٹا ئے گا!

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں