عبداللہ صاحب 14 اگست نہیں مناتے!

عبداللہ صاحب 14 اگست نہیں مناتے۔ یہ 14 اگست کے دن معمول کی طرح اپنی دکان کھولتے ہیں‘ گاہک نمٹاتے ہیں اور گھر آ کر سو جاتے ہیں۔ 70 سالوں میں ایک دفعہ بھی انہوں نے گھر پر جھنڈا نہیں لگایا۔ عبداللہ صاحب صرف مٹن کھاتے ہیں یا چکن۔ اب تو مہینوں مٹن بھی نہیں کھاتے حالانکہ قالینوں کے سوداگر ہیں‘ صحت بھی ٹھیک ہے‘ ڈاکٹروں نے بھی کوئی خاص پرہیز نہیں بتائی۔ اُنہیں خود بھی مٹن بہت پسند ہے بلکہ مٹن سے زیادہ بیف پسند ہے‘ لیکن ان کے گھر میںآج کل جب گوشت نامی کوئی چیز پکتی ہے تو وہ صرف اور صرف چکن ہوتا ہے۔ عبداللہ صاحب کے گھر کے باہر کوئی نیم پلیٹ نہیں لگی ہوئی‘ یہ ایک عجیب سا گھر ہے‘ بڑا خوبصورت بنا ہوا ہے‘ شاندار گیٹ ہے لیکن باہر کوئی نیم پلیٹ نہیں۔ ان کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ اہلیہ وفات پا چکی ہیں۔ دونوں بیٹوں نے ایم بی اے کیا ہوا ہے اور بیٹی ماسٹرز کر رہی ہے۔ بیٹوں نے سرکاری نوکری کے لیے بڑی تگ و دو کی لیکن میرٹ پر آنے اور نوکری کی جگہ خالی ہونے کے باوجود محروم رہے‘ اور آج کل باپ کے ساتھ قالینوں کا کارخانہ سنبھالتے ہیں۔ بیٹی یونیورسٹی میں پڑھتی ہے لیکن یونیورسٹی سے گھر آتے ہی رونے لگتی ہے۔ اسے گلہ ہے کہ وہ جہاں سے بھی گزرتی ہے لڑکے اس پر غلیظ جملے کستے ہیں۔ عبداللہ صاحب محلے میں سب سے الگ تھلگ رہتے ہیں کیونکہ محلے کے لوگ اُن سے ملنا نہیں چاہتے۔ عبداللہ صاحب محلے کی دکان سے
بوتل بھی لے کر پئیں تو دکاندار احتیاطاً بوتل الگ رکھ دیتا ہے حالانکہ عبداللہ صاحب کو کوئی ایسی بیماری نہیں جو اِن کی وجہ سے کسی دوسرے کو لگ سکے۔ عبداللہ صاحب عموماً نماز گھر میں ہی پڑھتے ہیں‘ البتہ جمعہ پڑھنے شہر کی بڑی مسجد میں چلے جاتے ہیں‘ اور واپسی پر ہمیشہ دوسرا رستہ اختیار کرتے ہیں۔ یہ اگر کبھی کسی بازار سے گزر رہے ہوں اور اذان کی آواز کانوں میں پڑے تو ''اشہدُ اَن محمدا رسول اللہ‘‘کے الفاط سن کر دونوں ہاتھوں کی انگلیاں چوم کر آنکھوں کو بھی نہیں لگاتے۔ پکے نمازی اور کھرے مسلمان ہونے کے باوجود کوشش کرتے ہیں کہ بلند آواز میں قرآن پاک کی تلاوت نہ کریں۔ پچھلے رمضان میں 27ویں کی رات ان کی بیٹی قرآن پاک کی تلاوت کر رہی تھی‘ آواز ذرا بلند ہو گئی۔ عبداللہ صاحب نے فوراً اپنی نفلی نماز توڑی اور بیٹی کو ڈانٹا کہ آہستہ آواز میں قرآن پڑھے۔ عبداللہ صاحب کے گھر میں کیبل نہیں لگی ہوئی‘ انٹینا لگا ہوا ہے جس پر وہ پی ٹی وی بڑے شوق سے دیکھتے ہیں۔ پہلے وہ سر پر ٹوپی پہنتے تھے‘ اب نہیں پہنتے۔ عبداللہ صاحب کے گھر میں کسی کی طبیعت خراب ہو جائے تو سرکاری ہسپتال جانے کی بجائے کوشش کرتے ہیں کہ کسی گھریلو ٹوٹکے سے آرام آ جائے۔ اُن کے گھر میں ہر وقت ایک بھرا ہوا ریوالور موجود رہتا ہے اور رات کے وقت گھر کی فضا عجیب قسم کے خوف کا شکار نظر آتی ہے۔ عبداللہ صاحب کے بیٹوں کے چند دوست ہیں جن کے نام اور موبائل نمبرز عبداللہ صاحب کو بھی یاد ہیں۔ انہوں نے بیٹوں کو سختی سے ہدایت کی ہوئی ہے کہ وہ رات 8 بجے سے پہلے ہر حال میں گھر میں موجود ہوں۔
کبھی کبھی عبداللہ صاحب کا جی چاہتا ہے کہ وہ اپنے گھر کے باہر اپنے نام کی ایک خوبصورت سی نیم پلیٹ بنوا کر لگائیں۔ ایک دفعہ انہوں نے نیم پلیٹ بنوا بھی لی لیکن پھر خاموشی سے بیگم کے جہیز میںآئی ہوئی بڑی کپڑوں کی الماری میں رکھ دی۔ عبداللہ صاحب کسی سے ملتے ہیں تو السلام علیکم بھی نہیں کہتے‘ صرف مصافحے پر اکتفا کرتے ہیں۔ ان کا شناختی کارڈ تو بنا ہوا ہے لیکن جب کہیں شناختی کارڈ دکھانے کی ضرورت پیش آتی ہے تو وہ کانپ جاتے ہیں۔ دل ہی دل میں دعائیں کرتے ہیں اور اگر کوئی مسئلہ پیش نہ آئے تو خدا کا شکر ادا کرتے ہیں۔ اُن کا دل چاہتا ہے کہ وہ بھی گھر میں نیاز پکوائیں اور محلے میں بانٹیں لیکن اُنہیں پتا ہے محلے والے ان کے گھر کی پکی ہوئی چیز کبھی قبول نہیں کریں گے۔ عبداللہ صاحب اس محلے میں گزشتہ تیس سال سے رہ رہے ہیں اس کے باوجود محلے میں کوئی شادی ہو تو کوئی اُنہیں نہیں بلاتا۔ یہ بس میں سفر کر رہے ہوں تو جان بوجھ کر ایسی سیٹ کا انتخاب کرتے ہیں جہاں کسی کی نظر اِن پر نہ پڑ سکے۔ ان کو ہر وقت لگتا ہے کہ کوئی ان کا پیچھا کر رہا ہے‘ کوئی ان کی باتیں سن رہا ہے‘ کوئی ان کی بیٹی کو اغوا کر لے گا‘ کوئی ان کے بیٹوں کو مار دے گا۔ محلے میں کہیں چار لوگ کھڑے ہوئے ہوں تو یہ دور سے انہیں دیکھتے ہی راستہ بدل لیتے ہیں‘ اگر مجبوراً گزرنا بھی پڑے تو سلام لینے کی بجائے ہاتھ ہلاتے ہوئے گزر جاتے ہیں۔
جو کچرے والا عبداللہ صاحب کے گھر کا کچرا اٹھانے آتا ہے وہ بھی مشکوک نظروں سے ہر روز کچرے والے شاپنگ بیگ کا جائزہ لیتا ہے۔ عبداللہ صاحب ہر بڑی عید پر قربانی کرتے ہیں لیکن مسجد میں ہی جانور لاتے ہیں وہیں قربان کرکے وہیں گوشت بانٹ دیتے ہیں‘ اپنے لیے جو گوشت گھر لاتے ہیں وہ رات کی تاریکی میں لاتے ہیں۔ عبداللہ صاحب پردے کے انتہائی حامی ہیں لیکن دوسری طرف ان کی بیٹی یونیورسٹی جاتی ہے تو سر پر دوپٹہ بھی نہیں لیتی۔ عبداللہ صاحب شرم سے زمین میں گڑ جاتے ہیں۔ پہلے ان کی بیٹی دوپٹہ لیتی تھی لیکن جب محلے میں ایک اوباش نے اس کا دوپٹہ کھینچ کر گولا سا بنا کر گندے پانی میں پھینک دیا تھا تب سے انہوں نے خود بیٹی کو اجازت دی کہ وہ ننگے سر یونیورسٹی جایا کرے۔ ایک دن ان کی بیٹی نے اپنے لیے گھر میں ہی سکارف سی کر پہن لیا۔ عبداللہ صاحب نے دیکھا تو ایک دم سے ان کے پائوں تلے زمین نکل گئی۔ فوراً اتارنے کے لیے کہا‘ اور سختی سے تاکید کی کہ آئندہ گھر میں ایسا کوئی کپڑا نظر نہ آئے جس سے سر ڈھانپنے کا کام لیا جا سکے۔
عبداللہ صاحب کا بڑا دل چاہتا ہے کہ وہ روزانہ گھر میں بلند آواز قران کی تلاوت کیا کریں... کسی دوست سے ملیں تو اسے بلند آواز السلامُ علیکم کہا کریں... بیف‘ مٹن‘ چکن سب کھایا کریں... فخر سے سر پر مدینے سے لائی ہوئی ٹوپی پہن کر پانچوں نمازیں پڑھنے کے لیے مسجد میں جایا کریں... محلے کے لوگوں کے دُکھ سُکھ میں شریک ہوا کریں... ان کے بیٹے اپنے دوستوں میں خوش رہا کریں... ان کی بیٹی اپنی مرضی سے عبایہ پہن کر یونیورسٹی جایا کرے ... کوئی اُن پر انگلی نہ اٹھائے... کوئی انہیں مشکوک نظروں سے نہ دیکھے... وہ خوف کی فضا سے نکل کر خوشیوں کے حصار میں آ جائیں... رمضان کے دنوں میں محلے والوں کو افطاری پر بلائیں... بڑی عید پر قربانی کے جانور کو محبت سے گلی گلی گھمائیں... لیکن وہ جانتے ہیں ایسا ہونا ممکن نہیں۔
عبداللہ صاحب کون ہیں؟... میں ان سے نہیں ملا‘ یہ میرے ایک دوست کے دور پار کے رشتہ دار ہیں۔ دوست بتا رہا تھا کہ عبداللہ صاحب دو تین سال بعد اُن سے ملنے آتے ہیں۔ ایک ہفتہ قیام فرماتے ہیں... بلند آواز آیتیں پڑھتے ہیں‘ فخر سے نماز پڑھنے مسجد میں جاتے ہیں‘ جی بھر کے بیف کھاتے ہیں‘ مٹن کھاتے ہیں۔ ہنستے ہیں‘ مسکراتے ہیں‘ ہر ملنے جلنے والے سے پُرجوش انداز میں السلامُ علیکم کہتے ہیں... اور پھر ایک ہفتے بعد اُتاری ہوئی خوف کی چادر پھر سے اوڑھ کر واپس... بھارت چلے جاتے ہیں!

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں