نیازی صاحب کا سکون

منیر نیازی صاحب سے میری بڑی محبت رہی ہے۔ ان کے ٹائون شپ والے گھر میں اکثر عتیق الرحمان کے ہمراہ قہقہوں کی منڈلی جما کرتی تھی۔ نیازی صاحب کے کرارے جملے ادبی حلقوں میں بہت مشہور ہیں اور یہ سچ ہے کہ نیازی صاحب جملے بازی میں ثانی نہیں رکھتے تھے۔ آخری عمر میں وہ نہایت مختصر بات کرنے لگے تھے‘ کم بولتے تھے لیکن ایسی ایسی بات کہہ جاتے کہ سبحان اللہ! 
لاہور کے فائیو سٹار ہوٹل میں کوئی کانفرنس تھی‘ منیر نیازی شرکت کے لیے آمادہ نہیں تھے لیکن منتظمین نے جیسے تیسے اُنہیں تقریب کی صدارت کے لیے راضی کر ہی لیا۔ نیازی صاحب آ تو گئے لیکن بیزاری ان کے انگ انگ سے پھوٹی پڑتی تھی۔ بور تقریریں سن سن کر وہیں بیٹھے بیٹھے سو گئے۔ اتنے میں میزبان نے خطاب کے لیے اُن کا نام پکارا۔ پاس بیٹھے ایک صاحب نے نیازی صاحب کو ہلکا سا ٹہوکا دیا‘ ہڑبڑا کر اٹھ بیٹھے۔ اب کچھ پتا نہیں تھا کہ کیا بات ہوئی ہے اور کس موضوع پر ہوئی ہے۔ کچھ دیر میں خود کو سنبھالا... غور سے حاضرین کی طرف دیکھا اور بمشکل اٹھ کر سٹیج پر آ کر بولے ''خواتین و حضرات! مجھ سے پہلے تمام مقررین نے جو کچھ کہا ہے میں اُس کی تائید کرتا ہوں‘‘... اور اطمینان سے واپس آ کر بیٹھ گئے۔ ایک دفعہ کسی نے نیازی صاحب کو چائے پلانے کی آفر کی تو گھور کر بولے ''تمہیں پتا ہے میں چائے نہیں پیتا‘‘۔
''چلیں چائے نہ سہی آپ کے پسندیدہ مشروب کا اہتمام کیے دیتے ہیں‘‘۔
''وہ میں نے چھوڑ دی ہے‘‘... نیازی صاحب سخت لہجے میں بولے۔
''بڑا مشکل کام کر دکھایا آپ نے‘ ویسے کبھی کبھار دل تو کرتا ہو گا پینے کو؟‘‘۔
''ہاں ! کرتا ہے‘‘... انہوں نے جواب دیا۔
''تو پھر کیا کرتے ہیں؟‘‘ متوقع میزبان نے پوچھا۔
''پی لیتا ہوں‘‘...!!! منیر نیازی نے جواب دیا۔
منیر نیازی ایک کھرے اور دبنگ انسان تھے۔ میں نے کبھی انہیں کسی کو ''آپ‘‘ کہہ کر بلاتے نہیں دیکھا۔ ڈپٹی کمشنر بھی فون پر اپنا تعارف کراتا تو آگے سے سپاٹ لہجے میں جواب دیتے ''توں مشاعرہ کروانا ایں تے پہلے میرے کول آ کے تفصیل دس‘‘۔ میزبانی کے معاملے میں نیازی صاحب کنجوسوں کے شہنشاہ تھے۔ کوئی کتنا بڑا اور اہم بندہ ہی کیوں نہ آ جاتا‘ پانی تک نہیں پوچھتے تھے۔ ایک دفعہ میں نے شکوہ کیا کہ اتنی گرمی ہے‘ آپ مہمانوں کو کم از کم پانی تو پوچھ لیا کریں۔ گھور کر بولے ''وہ سامنے فریج رکھا ہے‘ جس نے پینا ہے خود کیوں نہیں پی لیتا؟؟؟‘‘۔ نیازی صاحب کو نت نئے راستے تلاشنے کا بہت شوق تھا۔ ایسے میں وہ بالکل بچے بن جاتے۔ عتیق الرحمان ان کا واحد شاگرد تھا اور ہر وقت نیازی صاحب کے جملوں کے نشانے پر رہتا۔ اس کے باوجود اُسے نیازی صاحب سے بہت محبت تھی۔ نیازی صاحب اسے فون کر کے بلاتے اور وہ اپنی قبل از مسیح کی گاڑی میں دوڑا چلا آتا۔ نیازی صاحب اس کے ساتھ گاڑی میں بیٹھتے اور کہتے ''چلو، کسی نئی گلی میں گاڑی موڑ دو‘ دیکھتے ہیں راستہ کہاں نکلتا ہے؟‘‘۔ لاہور کے ایک شاعر کے بارے میں بات ہو رہی تھی کہ موصوف بڑے گھمنڈی ہیں‘ ہر وقت اپنی تعریفوں کے پل باندھے رکھتے ہیں۔ نیازی صاحب کچھ دیر تو یہ ساری گفتگو سنتے رہے‘ پھر ایک لازوال جملہ ارشاد فرمایا‘ کہا ''وہ تو اتنا فضول انسان ہے کہ اپنی عدم موجودگی میں بھی لوگوں کا وقت ضائع کرتا رہتا ہے‘‘۔
ایک دفعہ مجھے پشاور جانا تھا‘ نیازی صاحب کو پتا چلا تو پشاور کی ایک ایسی مردانہ سوغات کی فرمائش کر دی جس کا نام شاید مجھے نہیں لکھنا چاہیے۔ اللہ جانتا ہے میں نے پہلے یہ چیز کبھی نہیں خریدی تھی‘ تاہم پشاور میں یہ جگہ جگہ فروخت ہو رہی تھی یعنی عام مل جاتی ہے‘ مجھے بھی مل گئی۔ میں نے واپس پر نیازی صاحب کو پیش کر دی۔ نیازی صاحب نے پیکٹ الٹ پلٹ کر دیکھا اور پوچھا ''اس کے خالص ہونے کی کیا پہچان ہے؟‘‘۔ میں نے سر کھجایا ''یہ تو مجھے نہیں پتا‘ البتہ دکاندار کہہ رہا تھا کہ سو فیصد خالص ہے‘‘۔ کچھ دیر پیکٹ کھول کر سونگھتے رہے‘ پھر ڈسٹ بن میں پھینکتے ہوئے بولے ''اس عمر میں خالص چیزیں ری ایکٹ بھی کر جاتی ہیں‘‘۔
منیر نیازی بالکل ویسے تھے جیسا آپ نے سنا ہے‘ شاعر تو باکمال تھے ہی‘ خوبصورتی بھی ایسی تھی کہ لگتا تھا حسن و جمال کا کوئی آخری نمونہ سامنے ہے۔ میں اور میرا دوست عتیق الرحمان ایک واقعے پر اب تک انتہائی حیران ہیں۔ نیازی صاحب مفت مشاعرہ نہیں پڑھتے تھے‘ بے شک کسی گہرے دوست نے ہی مشاعرہ کیوں نہ کروایا ہو۔ خود میں نے ایک دفعہ الحمراء میں ایک تنظیم کے مشاعرے کے لیے ان سے درخواست کی تو پہلا سوال یہی کیا کہ ''پیسے کتنے دو گے؟؟‘‘۔ اس حوالے سے وہ اپنے اصولوں کے پکے تھے۔ میں نے انہیں جب بھی دیکھا‘ ایک ململ ٹائپ کا مغزی والا سفید کرتا پہنے دیکھا۔ ان کا کمرہ مین گیٹ سے بائیں طرف لان کے سامنے تہہ خانہ ٹائپ کمرے میں تھاجہاں دو سیڑھیاں اترنی پڑتی تھیں۔ میں اور عتیق الرحمان گرمیوں کی تپتی دوپہر میں ان کے پاس بیٹھے تھے‘ اچانک نیازی صاحب کہنے لگے کہ سات بجے ایک مشاعرے میں چلنا ہے‘ تم دونوں بھی ساتھ چلنا۔ اب یہ ایک عجیب بات تھی کیونکہ اُن دنوں ہمیں ہر مشاعرے کی پکی مخبری ہوتی تھی۔ ہماری اطلاعات کے مطابق آج کوئی اہم مشاعرہ نہیں تھا‘ لیکن چونکہ نیازی صاحب نے کہہ دیا تھا لہٰذا سات بجے‘ تو عتیق الرحمان نے بمشکل اپنی گاڑی سٹارٹ کی۔ نیازی صاحب اور میں پچھلی سیٹ پر بیٹھ گئے۔ نیازی صاحب راستہ بتاتے گئے اور عتیق گاڑی چلاتا رہا۔ تین چار تنگ سی گلیاں مڑ کر انہوں نے ایک گھر کی طرف اشارہ کیا اور گاڑی رکوا دی۔ میں اور عتیق دونوں حیران تھے کہ یہ کون سا مشاعرہ ہے ؟ بہرکیف ہم تینوں نیچے اترے اور ایک سیلن زدہ چوبارے کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے ایک مختصر سے کمرے میں آ گئے۔ یہاں فرش پر سفید چادر بچھی ہوئی تھی اور آٹھ دس وہ غیر معروف شاعر موجود تھے جنہیں میں نے بہت کم کسی مشاعرے میں دیکھا تھا۔ پتا چلا کہ یہ نعتیہ مشاعرہ ہے۔ اُس روز نیازی صاحب نے نہایت محبت کے ساتھ مشاعرے کے اختتام پر اپنا نعتیہ کلام پڑھا‘ نم آلود آنکھیں صاف کیں اور چپ چاپ ہمارے ساتھ واپس گھر آ گئے۔ ہم دونوں گواہ ہیں کہ اُنہیں اس مشاعرے میں سوائے لیموں والے شربت کے کچھ نہیں ملا۔ گھر پہنچ کر میں نے تجسس سے بے چین ہو کر پوچھ ہی لیا ''نیازی صاحب! آج کے مشاعرے میں آپ کو کیا ملا ؟‘‘ اپنے کمرے کی طرف بڑھتے ہوئے نیازی صاحب یکدم رک گئے‘ میری طرف گھومے... کچھ دیر گھورا اور پھر بے اختیار مسکرا کر بولے ''کروڑوں روپے جتنا سکون...‘‘۔

منیر نیازی ایک کھرے اور دبنگ انسان تھے۔ میں نے کبھی انہیں کسی کو ''آپ‘‘ کہہ کر بلاتے نہیں دیکھا۔ ڈپٹی کمشنر بھی فون پر اپنا تعارف کراتا تو آگے سے سپاٹ لہجے میں جواب دیتے ''توں مشاعرہ کروانا ایں تے پہلے میرے کول آ کے تفصیل دس‘‘۔ میزبانی کے معاملے میں نیازی صاحب کنجوسوں کے شہنشاہ تھے۔ کوئی کتنا بڑا اور اہم بندہ ہی کیوں نہ آ جاتا‘ پانی تک نہیں پوچھتے تھے۔ ایک دفعہ میں نے شکوہ کیا کہ اتنی گرمی ہے‘ آپ مہمانوں کو کم از کم پانی تو پوچھ لیا کریں۔ گھور کر بولے ''وہ سامنے فریج رکھا ہے‘ جس نے پینا ہے خود کیوں نہیں پی لیتا؟؟؟‘‘۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں