کلاسیفائیڈ اشتہارات

تلاشِ گمشدہ 
ایک سابق وزیر خزانہ نے جذبات میں آ کر کشکول بیچ چوراہے کے توڑ دیا تھا، جس کے ٹکڑے عوام تبرکاً اٹھا کر لے گئے۔ ٹکڑے اٹھانے والوں سے درخواست ہے کہ وہ انہیں واپس وزارتِ خزانہ میں جمع کرا دیں۔ کشکول جوڑنا ہے۔
.....................
2005ء میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کے لیے بیرون ملک سے آنے والی 6.5 بلین ڈالر کی جو امداد گم ہو گئی تھی، وہ تاحال ہر ممکن تلاش کے باوجود نہیں ملی۔ اگر کسی کو علم ہو تو زلزلہ متاثرین کو اطلاع کرے۔
.....................
میرا پرس گم ہو گیا ہے، جس میں انکم ٹیکس کے نوٹس، بجلی، گیس، فون کے بلز اور بیگم کی خریداری کی لسٹ وغیرہ شامل ہیں۔ جس کو ملے، وہی رکھ لے۔
ضرورتِ رشتہ
نیک سیرت، پردہ دار، پرہیزگار 20 سالہ کنواری گرین کارڈ ہولڈر دو شیزہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے شوقین رابطہ کریں۔ لڑکی کا اپنا کاروبار، کروڑوں کی جائیداد۔ ذات پات، عمر کی کوئی قید نہیں۔ دوسری، تیسری، چوتھی شادی کے خواہشمند، نیز لولے لنگڑے، بہرے، اندھے، بوڑھے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ پہلی بیویوں، ان کی اولادوں حتیٰ کہ بھانجوں بھتیجوں تک کی مالی امداد اور امریکن گرین گارڈز دلوائے جائیں گے۔ ٹرمپ اپنا یار ہے۔ جلدی کریں تاکہ دو شیزہ کا کاروبار اور بھی ترقی کر سکے۔
..................
27 سالہ نوجوان پابندِ صوم و صلوٰۃ کے لیے نیک سیرت دو شیزہ کا رشتہ درکار ہے۔ ذات پات کی کوئی قید نہیں۔ لڑکے کا خاندان جہیز کا سخت مخالف ہے، البتہ اگر لڑکی کے والدین اس مبارک موقع پر اپنے ارمان پورے کرنا چاہیں، مثلاً گاڑی، کوٹھی، روپیہ وغیرہ اپنی بچی کو دینا چاہیں یا لڑکے کو کاروبار کرانا چاہیں تو ان کے جذبات کا پورا پورا احترام کیا جائے گا۔ صرف متمول والدین رجوع فرمائیں۔
درستگی نام و تاریخ پیدائش
خاکسار کا نام گھیبا خان سدا بہار ممبر اسمبلی ہے مگر دشمنوں کی سازشوں سے لوٹا مشہور ہو گیا ہے۔ کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی۔ عوام مجھے گھیبا خان کے نام سے یاد فرمائیں۔
.....................
میرا نام پھنے خان ہے جبکہ بی اے کی ڈگری میں غلطی سے بوٹا خان لکھا گیا ہے۔ حالانکہ وہ تو ماضی کے الیکشن میں بی اے کی شرط کی مجبوری کی بنا پر فقط میری جگہ امتحان میں بیٹھا تھا۔ کم بخت نے داخلہ فارم پُر کرتے وقت اپنا نام لکھ دیا اور احمقوں نے ڈگری بھی اس کے نام جاری کر دی، حالانکہ خرچہ سارا میرا تھا۔ درستگی کی جائے۔
.....................
میںصف اول کی فلمی ہیروئین ہوں، جس کی تاریخ پیدائش 01-10-1998 ہے جبکہ ہسپتال اور یونین کونسل کے ریکارڈ، ب فارم، شناختی کارڈ، پاسپورٹ، پرائمری پاس سرٹیفکیٹ اور میرے متعدد پرانے نکاح ناموں میںغلطی سے 01-10-1968 درج ہو گئی ہے۔ درستگی فرمائی جائے۔
تبدیلی نام و پتا
چند سال قبل میں نے اپنا نام تبدیل کر کے طالبان خان رکھ لیا تھا۔ بعد ازاں حالات کے تقاضوں کے پیشِ نظر میں نے اپنا نام تبدیل کرتے ہوئے تبدیلی خان اور پھردھرناخان رکھ لیا۔ آج کل میرا نام احتجاج خان ہے۔ آئندہ اس وقت تک مجھے اسی نام سے پکارا جائے جب تک میں اپنا نام تبدیل کر کے حاکم خان نہیں رکھ لیتا۔
.....................
میں نے اپنا نام جھوٹ سے تبدیل کر کے سچ رکھ لیا ہے۔ آئندہ مجھے اسی نام سے لکھا اور پکارا جائے۔ 
.....................
شوبز اور اس سے ملحقہ میدانوں میں بے پناہ دولت اور شہرت کمانے کے بعد میں نے اپنا نام و پتا چندا بائی سے تبدیل کر کے جنا چوہدری ساکن گلبرگ ٹائون رکھ لیا ہے۔ شناختی کارڈ اور دیگر کاغذات میں تبدیلی کی جائے، نیز قدر دان میرا پرانا نام بھول کر آئندہ مجھے نئے نام سے یاد فرمائیں۔
برائے فروخت
ایک عدد ضمیر (چالوحالت میں) برائے فروخت موجود ہے۔ فروخت کنندہ نے ساری عمر بخوشی خود اس ناہنجارکے جھانسے میں آ کر ناقابل تلافی نقصانات اٹھائے ہیں مگر اب بچوں کی تعلیم اور گھرکے اخراجات حالات کو اس نہج پر لے آئے ہیں کہ اس کے لئے جسم و جاں کا رشتہ برقرار رکھنا دو بھر ہو گیا ہے لہٰذا فروخت کنندہ مطابق حکمِ شریکِ حیات، اپنا طرزِ حیات تبدیل کرتے ہوئے ''باعزت زندگی‘‘ گزانے کا متمنی ہے اور ضمیر، جس نے اسے زندگی کے ہر موڑ پر سرعام نیلام کیا ہے، اب خود اس نے ضمیر کو نیلام کرنے کی غرض سے سرعام رکھ چھوڑا ہے۔ ضمیر پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر فروخت کیا جائے گا اور ناقابل واپسی ہو گا۔
..................
ایک معروف سیاسی رہنما کی زرعی، سکنی و کمرشل جائیداد (بے حساب) برائے فروخت موجود ہے۔ مالک آئے روز کی غیرضروری تحقیقات اور انتقامی ریفرنسز سے تنگ آکر باہر جا رہا ہے۔ پہلے آئیے، پہلے پائیے۔ مارکیٹ سے کم ریٹ۔ 
..................
خلائی ہائوسنگ سوسائٹی میں5, 10 مرلے اور ایک کنال کے پلاٹ موجود ہیں۔ مشتری ہوشیار بارش کے اصول کے تحت خریدار خود ذمہ دار ہوگا کیونکہ نام سے ظاہر ہے کہ سوسائٹی کہاں واقع ہے۔
چھوٹے قد والوں کے لیے خوشخبری
بالشیے قد کو قد آور شخصیت بنائیں۔ اگر آپ بیانات، انٹرویوز اور خطبات کے ذریعے دہشت گردوں کے حق میں جھک مار مار کر قوم کی نظروں میں بونے ہو چکے ہیں تو پریشان نہ ہوں۔ ہم آپ کے حق میں ایسی ایسی تاویلات گھڑ کے آپ کا قد بڑھائیں گے کہ اہلِ خرد گھوم کر رہ جائیں گے۔ 
جوڑوں کے درد کا خاتمہ
جوڑوں کا درد رکھنے والوں کے لیے خوشخبری۔ ہماری دوا آپ کے جوڑوں میں ایسے بیٹھے گی کہ نہ جوڑ رہیں گے اور نہ جوڑوں کا درد۔ آزمائش شرط ہے۔
امیگریشن کھلی ہے 
طالبان اور داعش کے حامی صالحین کے لیے نادر موقع۔ ان کے پسندیدہ لالہ و گل کھلانے والی فضا پڑوس میں ان کی منتظر ہے۔ افغانستان کی امیگریشن کھلی ہے۔ پہلے آئیں، پہلے پائیں۔دیر مت کریں۔
ملازمت کے مواقع
ایک بڑے سرکاری ہسپتال میںسنیاسی باووں، نیم حکیموں اور عطائیوں کی متعدد اسامیاں خالی ہیں۔ عمر اور تعلیم کی کوئی قید نہیں۔ براہ راست رابطہ کریں۔
ضرورت ہے
آئین کے آرٹیکل 62،63 پر پورا اترنے والے امیدوار کی ضرورت ہے، جسے آئندہ عام انتخابات میں ووٹ دیا جا سکے۔ امیدوارکو اپنے حق میں کسی بڑی عدالت کی جانب سے جاری کردہ صادق اور امین ہونے کا سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہو گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں