انتخابی اشتہارات

خوشخبری
ہر گاہ بذریعہ اشتہار ہذٰا عوام الناس کو خوشخبری سنائی جاتی ہے کہ آپ کی دعائوں سے نوازشریف کو عدالت سے سزاہونے کے بعد ان کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ٹھک چکاہے۔انشاء اللہ بہت جلدجیل جاکروہ اپنے انجام کو پہنچیں گے اورہم اپنی منزل پر۔سوبغیروقت ضائع کیے آئندہ پانچ سال تک آپ پر سونامی تحریک کی بلا شرکت ایرے غیرے ونتھو خیرے حکمرانی کرنے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ اس سلسلے میں فاضل ارباب سونامی کا ایک ہنگامی اجلاس آج مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا‘ جس میں اس بات پر مکمل اتفاق رائے پایا گیاکہ تبدیلی دہلیز سے آ لگی ہے اور سونامی کی بپھری لہریں 25جولائی کے دن تحریک کو اچھال کر مسند اقتدار پر بٹھا کر ہی تھمیں گی ۔ پس نتائج کابروقت اور صحیح ادراک کرتے ہوئے صدر مملکت ‘ وزیراعظم‘ گورنر صاحبان‘ وزرائے اعلیٰ اور وزراء کے نام فائنل کردیئے گئے ‘ تاکہ اقتدار میں آ کر ان کاموں میں وقت ضائع نہ ہو اور بلا تاخیر وطن ِعزیز کے دامان صد چاک کی رفو گری اور مخالفین کا مکو ٹھپنے جیسے اعمال صالح بیک وقت شروع کیے جا سکیں۔ اجلاس میں ووٹروں کے لیے یک سطری ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا کہ وہ صرف بلے پر مہر لگانے کی رسمی کارروائی مکمل کریں اور باقی کا کام ہم جانبازوں پر چھوڑ دیں ۔ المختصر! اجلاس ہذٰا میں ایسی ٹھوس منصوبہ بندی کی گئی ‘ جس کے طفیل اللہ نے چاہا ‘تو بہت جلد مخالفین سونامی کی زد میں آ کر خس و خاشاک کی طرح بہہ جائیں گے اور مملکت خداداد کی گلیاں فقط مرزا صاحبان کے پھرنے اور دودھ اور شہد کی نہریں بہنے کے لیے کلی طور پر سنجیاں ہو جائیں گی ۔ آخر میں حضرت شیخ چلی کی روح کے ایصال ثواب کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی (منجانب:پی ٹی آئی)
ووٹر ہوشیار باش
ہر گاہ غریب عوام کو نویدہو کہ بہت جلدمیاں نوازشریف وطن پہنچ کر گرفتاری دیں گے اورپھر میاں دے نعرے وجن گے۔اس ' مائنس ون مین شو‘ میںآپ کی ہمدردیوں کاجذباتی طوفان اٹھے گا اوراللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ہماری انتخابی مہم میں جان پڑجائے گی۔ہمارے رہنما جناب نوازشریف کے ساتھ جو کچھ ہونے والاہے‘ ہم اسے مشیت ایزدی سمجھ کرقبول کریں گے اوراسے آپ سے کیش بھی کرائیں گے۔ادھرآپ کی دعائوں سے سونامی سکڑ کر ندی ہو چلی اوردیگرجماعتوں کے بھی دوبارہ گھر بیٹھ کر اللہ اللہ کرنے کے دن قریب ہیں ۔ حالات نے پی ٹی آئی‘ پی پی پی اور ایم کیو ایم جیسی غیرمقبول جماعتوںکے قیادت کو نادر موقع دیا ہے کہ وہ مزید پانچ سال تک خدا سے لَو لگانے کے ساتھ ساتھ چارپائیوں کے ادوان کسنے جیسی صحت افزا ء ورزش سے لطف اندوز ہو سکیں ۔اندرخانہ حقیقت یہ ہے متحرک صدرن لیگ کی جان توڑکوششوں اوروفاداری کی یقین دہانیوں سے ایک مرتبہ پھر ایسے خوشگوار اور اورمہرباںحالات پیداہوگئے ہیں کہ ملک بچانے کے لیے داخلی و خارجی بادشاہ گر قوتوں کی نظریںوطن ِعزیزکی خالق جماعت (یعنی ہم خاکساروں) پرہی آٹھہری ہیں۔ دریں حالات عوام کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ بقائمی ہوش و حواس خمسہ ہمارے علاوہ کسی دوسری'' واٹر کٹ پارٹی‘‘ کو ووٹ دے کر اسے ضائع مت کریں ۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب اقتدار کی بہار آفریں رُت لوٹ کر آئے گی اور آپ کی محبوب قیادت ایک مرتبہ پھر سرکاری محلات ( مراد سعودی عرب کے محلات ہر گز نہیں ) میں جلوہ افروز ہو گی (المشتہر: پی ایم ایل ‘ن) 
جیت ہماری ہوگی
ہم غیوراہل وطن کو خبردارکرتے ہیں کی‘ وہ جس کو مرضی ووٹ دیں‘ مگر انشاء اللہ جیت ہماری ہوگی۔آپ چاہیں تو اپنی سہولت کے لیے اسے 'جیپ ہماری ہوگی‘ بھی پڑھ سکتے ہیں۔عاقل را اشارہ کافی است...امید ہے کہ ووٹرزنوشتہ دیوارپڑھ کر اپنے ووٹ (جنہیں وہ قیمتی ووٹ کہتے ہیں) رسوانہیں کریں گے اورپولنگ کے روزجیپ پر مہرلگاکر اپنے محب وطن ہونے کا بھرپورثبوت دیں گے ۔یہی ان کے حق میں بہتر ہے( JJPجیپ جیت پارٹی)
مٹی پائو
ہر گاہ بذریعہ اشتہار ہذا عوام الناس سے اپیل ہے کہ ناقدروں کو باوردی منتخب کراتے کراتے‘ ہم بصد شرمندگی مٹی ہو گئے ‘ لہٰذا براہِ کرم ''رات گئی ‘ بات گئی ‘‘ کا مقولہ پیش نظر رکھ کر ہماری سابقہ کارکردگی پر بھی مٹی ڈالیں ۔ نیز آپ ہمیں ہی ایک دفعہ پھر خدمت کا موقع عنایت فرمائیں ‘ تاکہ ہماری مشہور زمانہ تیز رفتار ترقی سے آرائش چمن میں جو کسر رہ گئی تھی ‘ اسے پورا کیا جا سکے ۔ علاوہ ازیں لوٹے بہن بھائیوں سے بھی التماس ہے کہ وہ بھی اب 'مٹی ڈالیں‘ اور اپنی اپنی نشستیں جیت کر واپس اپنی پارٹی میں آ جائیں کہ بقول میاں محمدؔ بخشؒ:
اُدھل گئیاں نوں داج نئیں لبھدے 
شرماں والیاں نوں جُھوٹے ڈولیاں دے
(اشتہاری: پی ایم ایل ‘ق) 
انتباہ عوام 
ہر گاہ گناہ گار عوام کو یاد دہانی کرائی جاتی ہے کہ یہود و ہنود کی مکروہ سازشوں کی بنا پر جمہوریت کا وقفہ خاصا طویل ہو چکا۔ کسی 'مردِ مومن‘ کی راہ تکتے صالحین عظام کے دہانے خشک اور آنکھیں پتھرا گئیں ؛ اگرچہ معاشرے کو سدھارنے کے خود اختیاری فریضے کی انجام دہی پوری جانفشانی سے جاری ہے‘ مگر خالی پیٹ کب تک ؟ دریں حالات عوام کے لیے صالحین کرام کا حکم ہے کہ اس دفعہ خبیث و نجس لوگوں کو منتخب کرنے کی مشق رائیگاں ترک کر کے ہمیں اپنی نمائندگی کی بارگاہ میں داخل کریں ۔ بصورت ِدیگر عوام کو انتباہ کیا جاتا ہے کہ کسی ضیاء الحق یا پرویز مشرف کی راہ ہموار کرنے اور اس کے ہاتھ مضبوط کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ نوازشریف کی نااہلی اور سزاکے بعدصاف و شفاف انتخابات کے راستے میں کوئی بت ایستادہ نہیں رہا‘ لہٰذا ہمارے علاوہ کسی دوسرے کو منتخب کر کے تضیع اوقات مت کریں ۔ پس ہم نے اتمام حجت کر دیا ہے ‘ پھر نہ کہنا کہ خبر نہیں ہوئی (الداعی الی الخیر: ایم ایم اے) 
گمنام اشتہار
میرے لذیذ ہم وطنو! السلام علیکم !
سکوتِ '' لشکری‘‘ سمندر کی نیند ہوتا ہے 
سکوں نہ جان‘ بظاہر جو اضطراب نہ ہو 
پاکستان ...پائندہ باد(منجانب:نام نہیں لکھا)
جوابی عوامی اشتہار
جب آئے گا کوئی انسان‘ بنے گا‘ نیاپاکستان(منجانب:عوام)
ہر گاہ بذریعہ اشتہار ہذٰا عوام الناس کو خوشخبری سنائی جاتی ہے کہ آپ کی دعائوں سے نوازشریف کو عدالت سے سزاہونے کے بعد ان کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ٹھک چکاہے۔انشاء اللہ بہت جلدجیل جاکروہ اپنے انجام کو پہنچیں گے اورہم اپنی منزل پر۔ سوبغیروقت ضائع کیے آئندہ پانچ سال تک آپ پر سونامی تحریک کی بلا شرکت ایرے غیرے ونتھو خیرے حکمرانی کرنے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں