اپریل تک پاک بھارت بینکوں کی برانچز کھولی جائینگی:نعیم انور
پاکستانی سرمایہ کاروں کو بھارتی حکومتی قواعد کے تحت سرمایہ کاری کی اجازت ملی ہے
بھارت اپریل 2013 تک اپنی 8 ہزار ٹیرف لائنو ں کی شرح کو 5 فیصدتک کردیگا کراچی (این این آئی) ہندوستان میں تعینات پاکستان کے تجارتی کمشنر نعیم انور نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو آٹومیٹک قواعد کی بجائے بھارتی حکومتی قواعد کے تحت سرمایہ کاری کی اجازت فراہم کی ہے ،اپریل2013تک پاک بھارت بینکوں کی برانچز کھولی جائیں گی،پاکستانی برآمدکنندگان بھارت میں ممبئی،دہلی کی بجائے یوپی ،کلکتہ،ایسٹ بنگال،تامل ناڈو کی مارکیٹوں پر توجہ مرکوز کریں جوکہ پاکستانی مصنوعات کے لیے بڑی منڈی ثابت ہوسکتے ہیں ،مونابھاؤ ،کھوکھراپارتجارتی راستے کی بحالی قومی مفادات کومدنظررکھتے ہوئے کی جائے یہ بات انہوں نے ہفتے کے روز ایف پی سی سی آئی کی جانب سے دئیے گئے عصرانے کے موقع پرکہی اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر حاجی فضل قادرشیرانی،نائب صدور شکیل احمد ڈھینگرا،بیگم سلمیٰ احمد،ڈاکٹرمرزااختیاربیگ،شاہد انصاری،مجید عزیز، داود عثمان جھکورا،عثمان شیخ، عبدالواحد،سلمان جاوید نے بھی اظہارخیال کیا ۔نعیم انور نے کہا کہ پاکستانی برآمدکنندگان بھارتی مارکیٹ حاصل کرنے کیلئے ریٹیل کی بجائے بڑے برآمد ی آڈرز کے حصول کیلئے کاوشیں کریں کیونکہ 40 پچاس ملبوسات فروخت کردینے اورپرچون سٹائل سے بھارتی مارکیٹ حاصل نہیں کی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمدکنندگان کو اپنی ترجیحا ت تبدیل کرنا ہوں گی جسکے لیے ہوم ورک کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنا جی ڈی پی شرح کو 8 فیصد برقراررکھنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تجارت کو فروغ دینا بے حد ضروری ہے جبکہ دوسری جانب بھارت میں بڑھتی ہوئی مصنوعات کی طلب کے باعث بھارتی مارکیٹ کا حجم بڑھ چکا ہے اور بھارت کوتوانائی بحران کا بھی سامنا ہے ۔نعیم انور نے بتایا کہ بھارت اپریل 2013 تک اپنے آٹھ ہزار ٹیرف لائنو ں کی شرح کو 5 فیصدتک کردیگا جس کے باعث پاکستانی فریش فوڈ سمیت دیگر اشیاءکو بڑی مارکیٹ میسرآجائیگی ۔۔