مودی کثیر بیرونی سرمایہ کاری کیلئےکوشاں ہیں، امریکی اخبار
اوباما انتظامیہ اور امریکی تاجروں کو یقین ہے بھارت میں سرمایہ کاری محفوظ منافع بخش ہوگی بھارت کے توانائی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں امریکی تاجر غیرمعمولی دلچسپی لینے لگے
واشنگٹن (فارن ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنے ملک کے لیے کثیر غیرملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے کی بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔ ایک امریکی اخبار نے لکھا ہے کہ اوباما انتظامیہ ہی نہیں بلکہ امریکی تاجروں اور صنعتکاروں کی غالب اکثریت کو بھی یقین ہے کہ بھارت ان کی جانب سے بھاری سرمایہ کاری کے لیے ایک محفوظ ملک ہے،یہاں سرمایہ لگانا ان کے لیے بہت منافع بخش ثابت ہوگا، امریکی تاجر بھارت کے جن شعبوں میں خصوصی دلچسپی ظاہر کررہے ہیں ان میں توانائی، تجارت اور دفاعی پیداوار کے شعبے سرفہرست ہیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی حلقوں کو یقین ہے کہ وزیراعظم مودی غیرملکی سرمایہ کاروں کو غیر ضروری حکومتی مداخلت طویل سرکاری طریقہ ہائے کار اور سرخ فیتے کے مسائل سے محفوظ رکھ سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو جو بھاری مینڈیٹ حاصل ہے اس کی وجہ سے توقع ہے کہ بھارت کی بیورو کریسی ماضی کی طرح غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے مسائل پیدا نہیں کرے گی اور وزیراعظم مودی کی ہدایات پر عملدرآمد کرے گی، دریں اثنا عالمی ریٹنگ ایجنسی اسٹینڈرڈ اینڈیورز نے بھارت کی ریٹنگ بہتر کرکے اسے مستحکم معیشت کا درجہ دے دیا ہے۔ ایجنسی نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا کہ وزیراعظم مودی کی زیرقیادت نئی حکومت نہ صرف حقیقت پسندانہ پالیسیاں بناسکتی ہے بلکہ ان پر عملدرآمد بھی یقینی بناسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ 12ماہ کے دوران بھارتی معیشت میں حیران کن رفتار سے بہتری کی امید ہے۔