گزشتہ ہفتے روپے کی بے قدری، ڈالر کی قدربڑھ گئی
ڈالر کا انٹر بینک ریٹ 104.52روپے ،کرنسی مارکیٹ میں 104.40روپے کا ہوگیا
کراچی(آن لائن)انٹر بینک اورمقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں پیر سے بدھ کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر گر گئی ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق عیدالاضحی کی تعطیلات کے سبب3روز تک محدود رہنے والے کاروباری ہفتے کے دوران انٹربینک میں روپیہ اپنی قدرگنوا بیٹھا اور ڈالر12پیسے مہنگا ہو گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید104.34روپے سے بڑھ کر104.47روپے اور قیمت فروخت104.40روپے سے بڑھ کر 104.52 روپے ہوگئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ ڈالر کی قدر 10 پیسے بڑھ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 104.20 روپے اور قیمت فروخت 104.40 روپے پر جا پہنچی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسی مدت کے دوران روپے کے مقابلے میں یورو کی قدر 50 پیسے گھٹ گئی جس سے یورو کی قیمت خرید115روپے اور قیمت فروخت116روپے ہوگئی،اسی طرح75پیسے کی کمی سے برطانوی پاؤنڈکی قیمت خرید158.25روپے اور قیمت فروخت159.25روپے پر آ گئی۔ رپورٹ کے مطابق پیر سے بدھ کے دوران روپے کی نسبت سعودی ریال کی قدر 15پیسے بڑھ گئی جس سے سعودی ریال کی قیمت فروخت 27.35 روپے ہوگئی،اسی طرح10پیسے کے اضافے سے یواے ای درہم کی قیمت فروخت28.35روپے ہوگئی۔