ای او بی آئی نے پنشنرز کیلئے 6ارب روپے جاری کردیے
رواں ماہ کی پنشن میں دوہزار روپے اضافے کے بقایا جات بھی شامل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی حکومت کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ای او بی آئی نے عیدالاضحی سے قبل اپنے لاکھوں پنشنرز کیلئے تقریباً 6 ارب روپے مالیت کی پنشن کی رقم جاری کردی ہے۔ رواں ماہ کی پنشن میں حکومت کی جانب سے دوہزار روپے ماہانہ کے اضافے کے پچھلے تین ماہ کے بقایا جات بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے اپنے دور اقتدار کی مختصر مدت میں دو بار پنشن میں اضافہ کیا ہے جس کی شرح 62 فیصد بنتی ہے ۔ ای او بی آئی تقریباً چار لاکھ پنشن یافتگان میں ماہانہ اوسطاً تین ارب روپے ماہانہ کی خطیر رقم پر مشتمل پنشن فراہم کر رہا ہے تاہم رواں ماہ کی پنشن 8 ہزار 500 روپے کے ساتھ گزشتہ3ماہ کے بقایا جات6ہزارروپے کی ادائیگی بھی کی جارہی ہے جس کے باعث اس ماہ ادارے کے پنشن یافتگان فی کس کم از کم 14500 روپے بطور پنشن وصول کریں گے ۔ان پنشن یافتگان میں دو لاکھ 69ہزار941 ضعیف العمر، چھ ہزار 169 معذور، ایک لاکھ 77ہزار529 پسماندگان پنشن یافتہ اور 3 ہزار 522یکمشت عطیہ ضعیف العمر ی حاصل کرنیوالے شامل ہیں ۔