پاکستان اور بحرین کے تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں: صدر مملکت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں،پاکستان بحرین کیساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا خواہاں ہے۔
اسلام آباد میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد عبدالقادر نےصدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی، سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ملاقات میں صدر مملکت نے بحرین کو یو این سکیورٹی کونسل کی رکنیت پر مبارکباد دی، صدر مملکت نے خوراک، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں بحرینی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بحرین کیساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا خواہاں ہے،بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو عزت اور مواقع دینے پر بحرین کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستانی قیدیوں کی شاہ بحرین کی جانب سے معافی پربھی صدر نے شکریہ ادا کیا جبکہ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر بحرین کی یکجہتی پر صدر زرداری نے شکریہ ادا کیا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں،بحرین کی لیڈر شپ کا حالیہ دورہ پاکستان اور ان کا پرتپاک استقبال تعلقات کی گہرائی کا عکاس ہے۔