قاتلانہ حملے میں زخمی بنگلہ دیشی طلبہ تنظیم کے رہنما عثمان ہادی انتقال کر گئے
سنگاپور: (دنیا نیوز) قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے بنگلادیش کی طلبہ تنظیم انقلاب منچا کے ترجمان شریف عثمان ہادی سنگاپور میں انتقال کر گئے۔
بنگلادیش کی وزارت خارجہ نے طلبہ تنظیم کے رہنما کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شریف عثمان ہادی سنگاپور جنرل ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
خبر ایجنسی کے مطابق قاتلانہ حملے میں زخمی شریف عثمان ہادی کی حالت انتہائی نازک تھی، بنگلادیش چیف ایڈوائزر محمد یونس کے پریس ونگ نے کل حالت تشویشناک ہونے کی اطلاع دی تھی، عثمان ہادی جولائی میں حسینہ واجد حکومت کا تختہ الٹنے والی طلبہ تحریک کے اہم رہنما تھے۔
عثمان ہادی کو گزشتہ جمعے ڈھاکا میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا تھا، عثمان ہادی بنگلادیش کے آئندہ انتخابات میں آزاد حیثیت میں حصہ لینے کے خواہش مند تھے۔
ڈھاکا میں عثمان ہادی پر قاتلانہ حملے کے خلاف مظاہرین نے کل بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج بھی کیا، مظاہرین نے بھارتی ہائی کمیشن کے باہر لگی رکاوٹیں توڑتے ہوئے بھارتی حکومت سے حسینہ واجد کی فوری حوالگی کا مطالبہ کیا تھا۔