پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی، انڈیکس 519 پوائنٹس کم

 پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی، انڈیکس 519 پوائنٹس کم

سرمایہ 87ارب روپے گھٹ گیا، 15 کروڑ 3 لاکھ حصص کے سودے ہوئے

کراچی (بزنس رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ شدید دباؤ کا شکار دکھائی دی ،کے ایس ای100انڈیکس 519 پوائنٹس کے خسارے کے ساتھ بند ہوا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 87ارب روپے سے زائدکی کمی ہوگئی، 15 کروڑ 3لاکھ حصص کے سودے ہوئے ۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے مانیٹری پالیسی میں شرح سود ایک سے 1.5 فیصدکے درمیان بڑھنے کے امکان کے پیش نظر سرمایہ کار محتاط ہوکر ٹریڈنگ کر رہے ہیں۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروبارکا آغاز 83پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہوا لیکن بعد ازاں شرح سود میں اضافے سمیت دیگر افواہوں نے مارکیٹ کو منفی زون میں دھکیل دیا۔ایک موقع پر مارکیٹ ساڑھے پانچ سو پوائنٹس کے خسارے تک بھی گئی ،تاہم کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس میں 519.41 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 42876.37 پوائنٹس رہ گیا، اسی طرح 221.32 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 16676.37 پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 348.31 پوائنٹس گھٹ کر 29420.52 پوائنٹس اورکے ایم آئی30انڈیکس882.57پوائنٹس خسارے سے 68907.37 پر آگیا ۔کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 87 ارب 21 کروڑ 6 لاکھ 42ہزار943روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں