چین اور ترکیہ کی پاکستان میں دہشت گردی کی مذمت، تعاون کا عزم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین اور ترکیہ نے پاکستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

چین نے اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ قومی سلامتی اور استحکام کے دفاع اور عوام کے تحفظ کیلئے حکومت پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ چین کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے تباہ کن دھماکے اور اس سے ہونے والے بھاری جانی نقصان پر شدید صدمہ پہنچا ہے، چین انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کرتا ہے اور زخمیوں اور اپنے پیاروں کو کھونے والوں کیلئے دعا گو ہے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترک وزیر حکان فیدان سے ٹیلی فون رابطہ ہوا ہے۔

ترک وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے المناک نقصان پر صدر رجب طیب اردوان اور برادر ترک عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یکجہتی پر ترک قیادت کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی سے نمٹنے اور اپنے شہریوں کے تحفظ کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور اہم علاقائی و بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں